کوئٹہ : بلوچستان ہائی کورٹ کے جسٹس جناب جسٹس جمال خان مندوخیل اور جسٹس جناب جسٹس محمد کامران خان ملاخیل پرمشتمل بینچ نے پروجیکٹ ڈائریکٹر کوئٹہ پیکج اور نیسپاک کے نمائندے کو ہدایت کی ہے کہ وہ کوئٹہ پیکج کے تحت چمن پھاٹک سے شہباز ٹاؤن فیز تھری تک سڑک کی متبادل روٹ کا تازہ سروے اور فیزیبلٹی اسٹڈی کرے ۔
یہ حکم ہائی کورٹ کے ڈویژنل بینچ نے متفرق درخواستوں کی سماعت کے دوران دیا۔سماعت کے دوران درخواست گزاروں کی جانب سے علی احمد کاکڑ ایڈووکیٹ،خلیل الرحمن ایڈووکیٹ ،سلیم لاشاری ایڈووکیٹ جبکہ اے اے جی شہک بلوچ ،محکمہ منصوبہ بندی وترقیات کے لاء آفیسر اختر محمد ،پروجیکٹ ڈائریکٹر کوئٹہ پیکج علی احمد مینگل اور شفقت حسین ،نیسپاک کے نمائندے محمد ایوب پیش ہوئے ۔
گزشتہ روز عدالت نے کوئٹہ پیکج کے پروجیکٹ ڈائریکٹر اور نیسپاک کے نمائندے کو ہدایت کی کہ وہ کوئٹہ پیکج کے تحت چمن پھاٹک سے شہباز ٹاؤن فیز تھری تک شاہراہ کی متبادل روٹ کی تازہ سروے اور فیزبیلٹی اسٹڈی کریں اس مقصد کیلئے پروجیکٹ ڈائریکٹر کنسلٹنٹ فرم کے ساتھ ایک اجلاس منعقد کرے جو اس سلسلے میں ٹھوس اقدامات اٹھائے ،بینچ نے ہدایت کی کہ کوئٹہ پروجیکٹ کے پہلے فیز اور دوسرے پورشن پر کام ڈیزائن کے مطابق جاری رکھاجائے ۔
بعدازاں عدالت نے متفرق آئینی درخواستوں کی سماعت دو ہفتے بعد مقرر کرنے کی ہدایت کی ۔درخواست گزاران میں کامران اسد ،مجیب الرحمن ،حاجی احمد حسن ،عبدالحمید بلوچ ،عبدالحمید اعوان ، سید عبدالمنان شامل ہیں ۔
کوئٹہ پیکج کے تحت چمن پھاٹک سے شہبازٹاون تک دوبارہ سڑک کا سروے کیا جائے ،بلوچستان ہائیکورٹ
وقتِ اشاعت : September 15 – 2018