تربت: نیشنل پارٹی بلوچستان کے ترجمان نے کراچی میں بھتہ مافیا کے خلاف سندھ بلوچستان بس کوچز آنرز ایسوسی ایشن کے احتجاج کی مکمل حمایت کااعلان کرتے ہوئے کہاکہ کراچی میں ہردورمیں بلوچستان کے ٹرانسپورٹروں کے ساتھ نامناسب رویہ رکھاجاتارہاہے اوران سے جبری بھتہ وصولی سمیت سندھ پولیس کی جانب سے ٹرانسپورٹروں اور مسافروں کو ہراساں کیاجانا معمول بن چکاہے ۔
حال ہی میں ایک بارپھر بھتہ مافیا نے یوسف گوٹھ ٹرمینل کارخ کرکے ٹرانسپورٹروں کا جینا حرام کردیاہے جس پر ٹرانسپورٹروں نے اتحاد واتفاق کامظاہرہ کرکے بھرپور احتجاج کیاہے جس کی بلوچستان کے عوام اور سیاسی کارکنان مکمل حمایت کرتے ہیں ۔
اقبال شاہ زئی ودیگر ٹرانسپورٹربرادری نے جس جرات وبہادری کے ساتھ ٹرانسپورٹربرادری کی نمائندگی کی ہے اس پر ہم انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں، ہم اپنے ٹرانسپورٹرز کو کسی صورت تنہانہیں چھوڑیں گے ،ہرمشکل وقت میں ٹرانسپورٹرزہمیں اپنے ساتھ اورشانہ بشانہ پائیں گے ۔
کیونکہ ہم سمجھتے ہیں کہ ہمارے ٹرانسپورٹرز اپنے محدود وسائل میں یہاں کے عوام کوبہترسفری سہولیات فراہم کررہے ہیں ، انہوں نے کہاکہ ہمارے ہاں صنعتیں اورکارخانے نہیں ہیں زراعت ودیگر شعبے تباہ حال ہیں ۔
یہاں کے لوگ مجبوری میں اپنی زندگی بھرکی جمع پونجی اکٹھاکرکے یاپھر بینکوں وغیرہ سے قرضہ لیکر بسیں خریدتے ہیں تاکہ وہ اپنا گزراوقات کرسکیں مگر انہیں مختلف حیلوں بہانوں سے ہراساں وپریشان کیاجاتاہے ، بالخصوص کراچی میں کبھی ایک گروہ توکبھی دوسری گروہ انہیں لاوارث سمجھ کر جبری بھتہ دینے پرمجبورکرتاہے جو غریب ٹرانسپورٹروں کے بس کی بات نہیں ۔
انہوں نے اس امرپر افسوس کااظہارکیاکہ ان بھتہ مافیاگروہوں کو سندھ کی سیاسی شخصیات کی سرپرستی حاصل ہے جولمحہ فکریہ ہے ،سیاسی جماعتیں اور سیاسی قائدین کو عوام کا ساتھ دینا چاہیے نہ کہ بھتہ مافیا گروہوں کا ، کیونکہ یہی گروہ امن وامان ودیگر مسائل کا باعث بنتے ہیں ۔
انہوں نے کہاکہ سندھ حکومت بلوچستان کے ٹرانسپورٹروں کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے اگرہمارے کسی ٹرانسپورٹرکوکسی قسم کی کوئی گزند پہنچی تو اس سے سندھ وبلوچستان کے درمیان طویل اور دیرینہ رشتوں کوگزند پہنچ سکتاہے ۔
بھتہ مافیا کیخلاف بس کو چز آنرز ایسوسی ایشن کے احتجاج کی حمایت کرتے ہیں، نیشنل پارٹی
وقتِ اشاعت : September 15 – 2018