|

وقتِ اشاعت :   September 18 – 2018

کراچی: پیپلزپارٹی کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات سینیٹر مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ عمران خان  کی حکومت نےایک ماہ میں ہی عوام کی  چیخیں نکلوا دی ہیں۔

مولابخش چانڈیو نے منی بجٹ پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ لوگوں کو سبز باغ دکھانے والوں نے آتے ہی ہاتھ کھڑے کردیے ہیں، ایک طرف مہنگائی کی جا رہی ہے تو دوسری طرف ترقیاتی بجٹ کم کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پہلے  نواز شریف حکومت نے معیشت تباہ کی اور اب عمران خان سرکار معیشت کا بیڑا غرق کردے گی کیونکہ موجودہ سرکار کی کوئی معاشی پالیسی ہے اور نہ داخلہ وخارجہ پالیسی۔

مولا بخش چانڈیو کا کہنا تھا کہ حکومت کی عوام دشمنی پہلے ماہ میں ہی کھل کر سامنے آچکی ہے، ایک طرف عوام دشمن اقدامات تو دوسری طرف وفاق کو کمزور کرنے کے اعلانات ہو رہے ہیں، غریب عوام پر بوجھ ڈال کر کہتے ہیں کہ عوام پر بوجھ نہیں ڈالا جا رہا بتایا جائے کہ گیس کی قیمت بڑھنے کا بوجھ عوام پر کیسے نہیں پڑے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھینسوں اور گاڑیوں کی نیلامی کا ڈرامہ اور سادگی کی شوبازی سے ملک نہیں چلا کرتے،حکومت ہوش کی ناخن لےاور عوام اور وفاق دشمن اقدامات کی مزاحمت کریں گے۔