|

وقتِ اشاعت :   September 19 – 2018

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر جام کمال عالیانی نے کہاکہ کابینہ میں مزید صرف دووزراء اور ایک مشیر لیا جائے گا اس وقت بلوچستان کی مخلوط کابینہ 12وزراء پر مشتمل ہے مزید دو وزراء کی حلف برداری جلد کی جائے گی تاہم ایک مشیر کا نوٹیفکیشن بعد میں کیا جائے گا ۔

انہوں نے یہ بات منگل کے روز بلوچستان صوبائی اسمبلی کے سبزہ زار پر فراریوں کے ہتھیار ڈالنے کی تقریب کے بعد این این آئی سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کہی ۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ آپ کی اور پی ٹی آئی بلوچستان کے صوبائی صدر اور صوبائی اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر سردار یار محمد رند کے درمیان دوریاں ختم ہوگئی ہے تو اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان میر جام کمال خان عالیانی اور پی ٹی آئی بلوچستا ن کے صوبائی صدر اور صوبائی اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر سردار یار محمد رند جو وزیراعلیٰ کے تھوڑے فاصلے پرکھڑے تھے دونوں اس موقع پر زیر لب مسکرائے وزیراعلی بلوچستان جو زبردست خوشگوار موڈ میں تھے نے کہاہمارے درمیان کوئی دوریاں نہیں ہے ہم قریب ہیں تاہم سردار یار محمد رند صرف زیر لب مسکراتے رہے کسی بات کا کوئی جواب نہیں دیا۔