مکہ المکرمہ: وزیراعظم عمران خان نے اپنے دورہ سعودی عرب کے دوران سعودی حکام اوراسلامی تعاون تنظیم کے سیکریٹری جنرل سے ملاقاتیں کی ہیں۔
وزیراعظم عمران خان عہدہ سنبھالنے کے بعد اپنے پہلے غیرملکی دورے پر سعودی عرب میں موجود ہیں جہاں انہوں نے اعلیٰ سعودی حکام اوراسلامی تعاون تنظیم کے سیکریٹری جنرل سے ملاقاتیں کی ہیں۔
سعودی وزیرتوانائی خالد الفالح اورصدرسعودی انوسٹمنٹ فنڈ اوردیگرسے ملاقات کے دوران وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ وزیرخزانہ اسد عمر، مشیرتجارت عبدالرزاق داوٴد، سیکرٹری خارجہ اورسعودی عرب میں پاکستان کے سفیرخان ہشام بن صدیق بھی موجود تھے۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ تعلقات، تجارت، سرمایہ کاری اوراقتصادی تعلقات کے امورپرتبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی رابطے مزید بہترکرنے پربھی غورکیا گیا۔
ملاقات کے دوران سعودی وزیرنے وزیراعظم سے خانہ کعبہ کے اندرجانے کے تجربے سے متعلق پوچھا تو انہوں نے جواب دیا کہ یہ ہمارا پہلا اوربہترین دورہ ہے۔
وزیر اعظم عمران خان سے اسلامی تعاون تنظیم کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر یوسف العثیمین نے بھی ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی، سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ اور پاکستانی سفیرہشام بن صدیق موجود تھے۔ اس موقع پرباہمی دلچسپی کے امور اورمسلم امہ کو درپیش چیلنجزپرگفتگو کی گئی۔