دبئی: ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں پاکستان نے بھارت کو جیت کے لیے 238 رنز کا ہدف دے دیا۔
دبئی میں کھیلے جارہے ایشیا کپ سپر فور مرحلے کے تیسرے میچ میں پاکستانی کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیتا اور پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔
روایتی حریف کے خلاف گرین شرٹس کی بیٹنگ لائن ایک بار پھر ناکام ہوگئی،صرف 58 کے مجموعے پر 3 ابتدائی بیٹسمین پویلین لوٹ گئے، پاکستان کی پہلی وکٹ 24 رنز پر گری جب اوپنر امام الحق 10 رنز کے انفرادی اسکور پر چھاہال کی گیند پر آؤٹ ہوئے جب کہ دوسرے آؤٹ ہونے والے بلے باز فخر زمان تھے جو کہ 55 کے مجموعے پر 31 رنز بنا کر چلتے بنے۔ تین رنز کے اضافے سے پاکستان کو تیسرا نقصان بابر اعظم کے رن آؤٹ ہونے کی صورت میں اٹھانا پڑا، وہ 9 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
تین وکٹیں جلد گرنے کے بعد تجربہ کار بیٹسمین شعیب ملک اور کپتان سرفراز احمد نے محتاط انداز میں اننگز کو آگے بڑھایا اور 103 رنز کی شراکت داری قائم کرکےاسکور کو 165 تک پہنچایا تاہم کپتان 44 اور شعیب ملک 78 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔
جارحہ مزاج بلے باز آصف علی نے لاٹھی چارج کرکے حریف بالرز پر دباؤ بنایا تاہم وہ 30 رنز پر ہی ہمت ہار گئے، انہوں نے 2 بلند و بالا چھکے مارے اور ایک چوکا لگایا جب کہ مقررہ اوورز پورے کھیلتے ہوئے پاکستان ٹیم 7 وکٹوں کے نقصان پر 237 رنز ہی بنا سکی۔
بھارت کی جانب سے کلدیپ یادو ،چھاہا اور بمرہ نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ۔
اس اہم میچ کے لیے قومی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں، عثمان شنواری اور حارث سہیل کی جگہ محمد عامر اور شاداب خان کو شامل کیا گیا ہے۔ ایونٹ میں پاکستان اور بھارت پہلے بھی مد مقابل ہوچکے ہیں جس میں قومی ٹیم کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔