|

وقتِ اشاعت :   September 26 – 2018

لورالائی: فرنٹئیر کور بلوچستان کی پروقار تقریب میں عسکری روایات کو برقرار رکھتے ہوئے سپاہی عمر شہید کے والد عبدالغفار اچکزئی کو مہمان خصوصی کے طور پر مدعو کیاگیا ۔

شہید کے والد کو بریگیڈئر سہیل ندیم کے ساتھ ایف سی کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہید کے والد عبدالغفار اچکزئی نے کہا کہ مجھے اپنے بیٹے کی شہادت پر فخر ہے اور آج میرا سرفخر سے بلند ہے اور میری پوری قوم کے ساتھ ساتھ حوصلے بھی بلند ہیں انہوں نے مزید کہا کہ ایف سی کا کردار قومی یک جہتی میں ریڑھ کی ہڈی کیِ حیثیت رکھتا ہے۔

ایف سی نے ہمیشہ قوم کی خدمت کو طرہ امتیاز گردانا ہے ۔ موجودہ پر امن بلوچستان ایف سی بلوچستان کی خدمات کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔ تقریب میں شہداء کے لواحقین کے ساتھ ساتھ کمشنر ژوب ڈویژن بشیر خان بازئی، ڈپٹی کمشنر لورالائی عمران ابراہیم بنگلزئی ، ڈی آئی جی پولیس نثار احمد اور دیگر سول و فوجی اعلیٰ افسران ، قبائلی عمائدین نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔

تقریب کے دیگر شرکاء نے اپنے خطاب میں کہا کہ ایف سی صوبے کی بڑی اور ہم فورس ہے جس میں 1416نئے جوانوں کا اضافہ ہوا ہے۔ ان جوانوں کی شمولیت سے یقینی طور پرفورس کی کارکردگی میں مزید اضافہ ہو گا اور پاس آوٹ ہونے والے ریکروٹس بااعتماد اور قابل فخر جوانوں کی حیثت سے اپنی ذمہ داریاں احسن طور پر ادا کریں گے جس سے ملک وقوم کا نام روشن ہوگا اور ایف سی کی روایات برقرار اور صوبے میں ترقی میں اضافہ ہوگا ۔

انہوں نے کہا کہ ریکروٹس نے جو تربیت حاصل کی ہے یہ ان کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں میں مدد گار ثابت ہوگی اور یہ بہترین تر بیت ان کی والدین کی دعا اور اساتذہ کی محنت کا نتیجہ ہے فرنٹےئر کور کے ذرائع نے بتایا کہ فرنٹیئر کور صوبے میں فلاحی کاموں میں بھی سر گرم عمل ہے اور اس وقت 98پبلک سکولوں اور 15کالجز میں 25ہزار طلباء وطالبات زیر تعلیم ہیں 220طلباء کو سکالر شپ کے ذریعے ملک کے اعلیٰ اداروں میں بھیجا جاچکاہے اس کے علاوہ رواں سال 150فری میڈیکل کیمپ لگائے گئے ہیں جس میں 50ہزار سے زائد مریضوں کو مفت علاج اور ادویات فراہم کئے گئے ہیں ۔

قبل ازیں مہمان خصوصی سپاہی عمر شہید کے والد عبدالغفار اچکزئی نے پریڈ کا معائنہ کیا ،نئے ریکروٹس سے حلف بھی لیا اور دوران تربیت بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ریکروٹس میں انعامات تقسیم کئے ۔