|

وقتِ اشاعت :   September 27 – 2018

کوئٹہ: صوبے کے بلدیاتی اداروں کے چےئرمینوں ،ڈپٹی چےئرمینوں کے نمائندہ کمیٹی کا اجلاس ڈسٹرکٹ چےئرمین قلعہ عبداللہ ملک محمد عثمان خان اچکزئی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔

اجلاس کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ آج کے اجلاس میں لوکل کونسل گرانٹ کمیٹی کا اجلاس جلد سے جلد منعقد کرانے ، مالی سال2018-19کے ترقیاتی ، غیر ترقیاتی فنڈز کے اجراء ،بقایاجات کی ادائیگی ،تمام لوکل کونسلوں کے بلاجوازغیر قانونی پری آڈٹ ، ملازمین وپنشنرز کی تنخواہیں ، پنشن او ر اس میں سالانہ اضافے کے مطابق ادائیگی ، عارضی ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی ،یا کونسلوں میں آبادی کے تناسب سے مستقل ملازمین کی بھرتی ، جی ایس ٹی کی مد میں سالانہ لوکل گورنمنٹ کا حصہ اور سالہا سال سے اس کے بقات جات ، 2010ایکٹ کے مطابق چےئرمینوں اور ڈپٹی چےئرمینوں کے اعزازیہ اور ہر کونسل کے ارکان کے اعزازیے ، زندگی کے مختلف شعبوں کے سکیمات پر بلاجواز پابندی ، ڈی سی سی کمیٹی اور 2010ایکٹ بلدیاتی اداروں کو مزید خودمختیار بنانے کیلئے ترامیم سمیت مختلف ایجنڈوں پر غور ہوااور مختلف کمیٹیوں نے اپنی رپورٹ پیش کیں اور فیصلے کےئے گئے ۔

اجلاس کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ صوبے بھر کے چےئرمینوں ڈپٹی چےئرمینوں کے اتحاد نے چار سال سے مسلسل جدوجہد کرتے ہوئے بلدیاتی اداروں کے اختیارات کے حصول اور انہیں مضبوط کرنے اور ان کے ذریعے نچلی سطح کے عوام کی مختلف شعبہ زندگی میں سہولیات کی فراہمی کیلئے انتھک جدوجہد اور کوششیں کی ہے اور اب تک ہر سال تمام بلدیاتی اداروں کو ترقیاتی اور غیر ترقیاتی فنڈز کے اجراء کو ممکن بنا کر اس کے وجود کو مستقل اور بااختیار بنانے کی بنیاد رکھ دی اور صوبے کی تاریخ میں پہلی بار صوبے بھر کے چےئرمینوں اور ڈپٹی چےئرمینوں کے اتحاد کی جدوجہد کی صورت میں ہی یہ ممکن ہوا ۔

اوراب بھی اپنی جدوجہد کو جاری رکھتے ہوئے بلدیاتی اداروں کو مزید بااختیار بنانے کیلئے اپنی فعال کردار ادا کریگی اور اب بلدیاتی اداروں کو درپیش موجودہ مسائل کے حل کیلئے ہر فورم پر بھرپور آواز بلندکریگی اورصوبائی وزیر اعلیٰ سے پہلے ہونیوالے ملاقات اور ان کو تحریری طور پر اپنے مطالبات پیش کےئے جانے کے بعد اب ان کے وعدے کے مطابق دوسری ملاقات ہوگی ۔لہٰذا جناب وزیر اعلیٰ جام کمال خان سے ملاقات ہونے کے فوراً بعد دوسرا اجلاس منعقد کیا جائیگا اور اس میں ہونیوالے فیصلوں کی روشنی میں ان کے حصول کو ممکن بنانے کیلئے عملدرآمدکا طریقہ کار طے کیا جائیگا۔

اجلاس میں ڈسٹرکٹ قلعہ عبداللہ کے چےئرمین ملک محمد عثمان خان اچکزئی ، ڈسٹرکٹ پشین کے چےئرمین محمد عیسیٰ روشان ،ڈسٹرکٹ قلعہ سیف اللہ کے چےئرمین حاجی عبدالخالق میرزئی، ڈسٹرکٹ قلات کے چےئرمین حاجی عبداللہ ، ڈسٹرکٹ کچی کے چےئرمین میر ہاشم شاہوانی ، ڈسٹرکٹ زیارت کے چےئرمین میروائس خان ،M/Cنوشکی کے چےئرمین سردار منظور، ڈسٹرکٹ شیرانی کے وائس چےئرمین نواب خان ،ڈسٹرکٹ بارکھان کے چےئرمین وڈیرہ امیر محمد کھیتران ، ڈسٹرکٹ ہرنائی کے چےئرمین شاہجان پٹھان ، ڈسٹرکٹ ژوب کے چےئرمین شیخ محمد یوسف خان ، M/Cخالق آباد کے چےئرمین میر ممتاز ، M/Cواشک کے چےئرمین بشارت ، M/C سرانان کے چےئرمین مولوی عبدالصادق ، وائس چےئرمین مولوی عمر جان اور M/C حرمزئی کے چےئرمین سید شاہجان آغا نے شرکت کی ۔

جبکہ نمائندہ کمیٹی کے ارکان نے اجلاس کے بعد لوکل گورنمنٹ کے سیکرٹری جناب قمبر دشتی سے ملاقات کی اور انہیں بلدیاتی اداروں کو درپیش مشکلات سے آگاہ کیا ۔ انہوں نے ان مسائل کو حل کرنے کی یقین دہانی کرائی اور بعد میں محکمہ خزانہ کے مختلف آفیسران سے ملاقات کی اور انہیں صورتحال سے آگاہ کیا۔