|

وقتِ اشاعت :   September 28 – 2018

تربت: وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے گذشتہ روز تربت میں کوہ مراد کے مقام پر ذکری کمیونٹی کے مرکز کا دورہ کیا۔

وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار زبیدہ جلال، صوبائی وزیر اطلاعات ظہوربلیدی، صوبائی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی عبدالرحمن کھیتران، صوبائی وزیر پی ایچ ای نورمحمد دمڑ، صوبائی وزیر صحت نصیب اللہ مری،صوبائی مشیر برائے ماہی گیری عبدالرؤف رند، صوبائی مشیر عبدالخالق ہزارہ، ، ممبر صوبائی اسمبلی حاجی اکبر آسکانی، ممبر صوبائی اسمبلی اور سابقہ وزیر خزانہ سید احسان شاہ، کمشنر مکران ڈویژن سیدال خان لونی اور دیگر افراد بھی ہمراہ تھے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان کا ذکری کمیونٹی کے روحانی مرکز پر شاندار استقبال کیاگیا اس موقع پر کمیونٹی کے زیارت کمیٹی کے چیئرمین ملا برکت نے وزیراعلیٰ بلوچستان کو ذکری کمیونٹی کے مرکز کے بارے میں بریفنگ دی اور وہاں پر ذکری زائرین کے مسائل کے بارے میں ان کو آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ یہاں پر ہر سال تقریباً 45000 ذکری زائرین زیارت کرنے آتے ہیں جس کے انتظامات زیارت کمیٹی خوش اسلوبی کے ساتھ انجام دیتی ہے انہوں نے وزیراعلیٰ کو بتایا کہ ان زائرین میں ضلع کیچ، ضلع گوادر، ضلع آواران کے علاوہ ضلع لسبیلہ کے لوگوں کے بڑی تعداد شامل ہے۔

انہوں نے وزیراعلیٰ سے درخواست کی کہ ان انتظامات کو بہتر طریقے سے سرانجام دینے کے لئے انہیں صوبائی حکومت تعاون فراہم کرے، اس موقع پروزیراعلیٰ نے صوبائی حکومت کی طرف سے ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی اور کمشنر مکران کو ہدایت کی کہ زیارت کمیٹی کے مسائل کے حل کے لئے فوری طور پر ترجیحی اقدامات کئے جائیں اور وزیراعلیٰ کو ان اقدامات کے حوالے سے بروقت رپورٹ پیش کی جائے۔

وزیراعلیٰ نے اعلان کیا کہ جلد ہی اس سلسلے میں ایک خصوصی پیکج کا بھی اعلان کیا جائے گا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان نے زائرین کے لئے ٹوائیلٹس اور ان کے آرام کے لئے سایہ دار شیڈ بنانے کا بھی اعلان کیا۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے اس موقع پر زائرین کی حفاظت کے لئے سیکیورٹی کے خاص انتظامات کے بھی احکامات دیئے۔