|

وقتِ اشاعت :   October 4 – 2018

اسلام آباد: ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ عالمی عدالت میں کلبھوشن یادیوکیس کی سماعت 18 فروری کوہوگی اورہم بھرپور طریقے سے اپنا مقدمہ لڑیں گے۔

ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹرمحمد فیصل نے ہفتہ واربریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے اقوام متحدہ میں پاکستان کی نمائندگی کی اورخطے میں امن و استحکام ک پیغام دیا، وزیرخارجہ نے بھارت کے ساتھ کشمیرسمیت تمام امورپربات چیت پرآمادگی ظاہرکی، مسئلہ کشمیرکے حل اور اقوام متحدہ کی قراردادوں پرعمل درآمد پرزوردیتے ہوئے واضح کردیا کہ پاکستان قومی وقارپرکوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔

ترجمان دفترخارجہ کے مطابق گزشتہ دوہفتے میں 18 کشمیریوں کا شہید کیا گیا، بھارتی افواج نے بانڈی پورہ میں کیمیائی ہتھیاروں کا استعمال کیا جوکہ عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے، پاکستان کشمیریوں پر بھارت مظالم کی مذمت کرتا ہے۔

کلبھوشن یادیو کیس سے متعلق ڈاکٹرفیصل کا کہنا تھا کہ کلبھوشن یادیو کیس کی سماعت 18 فروری کو ہوگی، پاکستان کی تیاری بھرپورہے ہم اپنا مقدمہ لڑیں گے، ہم مذاکرات کیلئے بھارت کو منا نہیں رہے، ہم پرامن ہمسائیگی میں کوشش کرسکتے ہیں، کرتارپو بارڈر تب ہی کھل سکتا ہے جب بھارت مذاکرات کی حامی بھرے۔

ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ وزیرخارجہ نے چین، قطر، ترکی اورنائجرسمیت کئی ممالک کے وزرائے خارجہ سے ملاقاتیں کیں، وزیرخارجہ نے دورے کے دوسرے حصے میں امریکی وزیرخارجہ اوردیگراعلی حکام سے ملاقاتیں کیں۔ امریکا کے ساتھ مذاکرات مثبت سمت میں چل رہے ہیں، اسی وجہ سے ایک مہینے میں دوسری بڑی ملاقات ہوئی ہے تاہم شکیل آفریدی کے معاملے پر پاکستانی موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔