|

وقتِ اشاعت :   October 4 – 2018

تربت: صوبائی وزیر اطلاعات وہائیر ایجوکیشن میر ظہور احمد بلیدی نے گزشتہ روز تربت یونیورسٹی کا دورہ کیا ۔اس موقع پر وائس چانسلر تربت یونیورسٹی عبدالرزاق صابر اور یونیورسٹی کی انتظامیہ اور اساتذہ کرام نے ان کااستقبال کیا ۔

یونیورسٹی کے وائس چانسلر عبدالرازق صابر نے وزیر اطلاعات ظہور احمد بلیدی کو تربت یونیورسٹی کے مختلف شعبہ جات کے بارے میں بریفنگ دی اور انہیں تربت یونیورسٹی کو درپیش مسائل کے بارے میں آگاہ کی وزیر اطلاعات نے انہیں یونیورسٹی کو درپیش مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی ۔

اس دوران صوبائی وزیر نے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ تربت یونیورسٹی صوبہ بلو چستان کی تعلیمی پسماندگی کو دور کرنے میں کلیدی کردار ادا کرے گی ۔انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی انتظامیہ اور تدریسی عملہ اپنے فرائض منصبی ایمانداری کے ساتھ ادا کریں اور بلو چستان کی ترقی میں صوبائی حکومت کا بھر پور ساتھ دیں۔

انہوں نے کہاکہ بلو چستان کا مستقبل آپ سے وابستہ ہے اس سلسلے میں صوبائی حکومت آپکی مدد اور تعاون کیلئے پر وقت موجو دہے ۔اس موقع پر وائس چانسلر تربت یونیورسٹی عبدالرازق صابر نے صوبائی وزیر اطلاعات ظہور احمد بلیدی کو ہائیر ایجوکیشن کے محکمہ کا اضافی ذمہ داری سونپے جانے پر مبارکباد دی اور اس امید کا اظہار کیا انکی قیادت میں محکمہ ہائیر ایجوکیشن کے مسائل ترجیحی بنیادوں پرحل ہونگے۔