اسلام آباد : چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ گوادر میں سی پیک کے تحت جاری منصوبوں میں سرمایہ کاری کیلئے وسیع گنجائش موجود ہے اور مختلف ممالک اس موقع سے بھرپورا ستفادہ کرتے ہوئے دوطرفہ معاشی ترقی کیلئے نئے مواقعوں کی تلاش کرسکتے ہیں۔چیئرمین سینیٹ نے رومانیہ،قطر،فرانس اور آسٹریلیاء کے سفراء سے الگ الگ ملاقاتیں کی اور باہمی دلچسپی کے امور کے علاوہ دو طرفہ تعلقات اور تعاون کو فروغ دینے اور موجودہ عالمی وعلاقائی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان میں امن وامان کی صورتحال کافی بہتر ہوگئی ہے اور پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع کافی روشن ہوگئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پارلیمانی روابط کے ذریعے تعاون کیلئے نئی راہیں ہموار کی جاسکتی ہیں ۔فرانس کے سفیر مارک بیرٹی سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ سینیٹ میں پاکستان فرانس دوستی گروپ کو دوبارہ فعال بنادیاگیاہے امید ہے کہ ادارہ جاتی تعاون کے ذریعے پارلیمانی سٹاف اور اراکین پارلیمنٹ کی ٹریننگ کیلئے دونوں ملکوں کے مابین پارلیمانی تعاون مزید فروغ پائے گا۔انہوں نے تعلیمی اور دوسرے شعبوں میں تعاون کو بھی انتہائی اہم قرار دیا۔قطر کے سفیر ساقر بن مبارک المنصوری سے ملاقات میں چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ قطر گوادر میں انفراسٹرکچر منصوبوں میں سرمایہ کاری کرسکتا ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان تعلیمی سطح پرتعاون کا خواہاں ہے،انہوں نے قطر حکومت کی جانب سے پاکستانیوں کیلئے ملازمت کے مواقع پیدا کرنے کے اعلان کو بھی سراہا۔رومانیہ کے سفیر نگولائی گوئیاسے تبادلہ خیال کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ نے دونوں ممالک کے مابین روابط بڑھانے پہ زور دیا اور رومانیہ کے سینیٹ کے چیئرمین کو پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی ۔انہوں نے کہا کہ تجارتی سطح پہ وفود کے تبادلوں سے تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔چیئرمین سینیٹ نے آسٹریلوی ہائی کمشنرمارگریٹ آدمسن سے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات میں کہا کہ دو طرفہ تعاون کے فروغ میں پارلیمانی روابط اور وفودکے تبادلوں کا اہم کردار ہوتاہے اور زیادہ سے زیادہ ادارہ جاتی روابط کے ذریعے تعاون کیلئے نئے مواقع تلاش کیئے جاسکتے ہیں۔چیئرمین سینیٹ نے مختلف ممالک کے سفیروں کو ایشیائی پارلیمانی اسمبلی کے اکتوبر کے آخری ہفتے میں منعقد ہ اجلاس میں اپنے پارلیمانی وفود کی شرکت یقینی بنانے کیلئے بھی کہا ۔
غیر ملکی سرمایہ کار گوادر و سی پیک میں سرمایہ کاری کریں، چیئر مین سینٹ
وقتِ اشاعت : October 5 – 2018