|

وقتِ اشاعت :   October 6 – 2018

پسنی: وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی خصوصی دلچسپی کے باعث پسنی شہر میں قائم کی گئی پائپ لائنوں سے منسلک پانی کے مختلف بوکسوں (Boxes) میں پانی کی ترسیل کا عمل شروع کردیا گیا ہے جس سے کئی عرصے سے پسنی کے رہائشیوں کو درپیش پینے کی پانی کا بحران کا خاتمہ ہوگیا ہے۔ پائپ لائنوں کے ذریعے پانی کی ترسیل کے ساتھ ساتھ پانی کے بوکس(Box) پانی ذخیرہ بھی کر سکیں گے اور ان تمام بوکسوں (Boxes) کوپانی کی فراہمی شروع کردی گئی ہے۔ پسنی کے لوگوں نے پینے کے پانی کے دیرینہ مسئلے کے حل کے بعد سکھ کا سانس لیا ہے، وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے اپنے حالیہ مکران کے دورے کے دوران پسنی کا بھی دورہ کیا تھا اور شہر کو پینے کے صاف پانی کے فوری حل کے لئے مجوزہ اسکیم کی فوری تکمیل کے احکامات جاری کئے تھے، اسسٹنٹ کمشنر پسنی کیپٹن ریٹائرڈ جمیل احمد نے محکمہ پی ایچ ای کی نگرانی میں لگائے گئے پانی کے بوکسوں (Boxes)کا معائنہ کیا، اے سی پسنی کا کہنا ہے کہ یہ اسکیم اپنی نوعیت کی ایک اہم اسکیم ہے جس سے پسنی شہر کو درپیش پینے کے پانی کے بحران پر قابو پالیا جائے گا۔ چیئرمین میونسپل کمیٹی پسنی حکیم بلوچ نے بھی اس موقع پر بوکسز (Boxes)میں پانی کی فراہمی کا معائنہ کیا اور اسے موجودہ حکومت کی طرف سے عوام کے لئے ایک اہم اقدام قراردیتے ہوئے کہا کہ پسنی شہر کو درپیش پینے کے پانی کا دیرینہ مطالبہ پورا ہوگیا ہے، انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ کے حالیہ دورہ مکران سے تعطل کا شکار مختلف اسکیموں اور منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کردی گئی ہے جس سے مکران کے عوام میں امید پیدا ہوگی ہے کہ ماضی کے برعکس اب انہیں بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔