|

وقتِ اشاعت :   October 7 – 2018

سکھر: پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے سیاسی انتقامی کارروائیاں شروع ہوگئی ہیں، عمران خان ہوش کے ناخن لیں اور سیاست کو سمجھنے کی کوشش کریں۔

سکھر میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ میڈیا کے ذریعے سنا کہ میرے خلاف نیب نے نوٹسز جاری کیے ہیں اور کہا جارہا ہے کہ میں نے اپنے رشتہ داروں کو زمینیں الاٹ کرائیں، یہ حقیقت ہے کہ مجھے بہت سی پیشکش ہوئیں لیکن میں نے اپنے ضمیر کو نہیں بیچا، کیوں کہ مجھے علم تھا کہ میں نے ایک انچ زمین بھی لی تو کسی چور کو روک نہیں سکوں گا، دعوے سے کہتا ہوں کہ کوئی ثابت کردے کہ مجھ سمیت میرے اہل خانہ اور خاندان کے کسی فرد کو ایک ایکڑ زمین بھی الاٹ کی گئی ہو۔

خورشید شاہ نے کہا کہ لوگ کہتے ہیں کہ میں ملازم تھا اور اتنے بڑے منصب تک کیسے پہنچ گیا؟ میں نے ملازمت ہی نہیں بلکہ مزدوریاں بھی کیں، میں نے کالج کے زمانے سے سیاست شروع کی اور محنت کرکے اس مقام تک پہنچا، جب میں نے سیاست شروع کی اس وقت لوگ سیاست کے س سے بھی واقف نہیں تھے۔

خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ نئی حکومت نےعوام کوسہانےخواب دکھائے اور اقتدار ملتے ہی بجلی اور گیس مہنگی کردی، عوام پر منی بجٹ کا بم گرا دیا گیا اور اب حکمران بوکھلاہٹ کا شکار ہیں ، شہبازشریف نے آشیانہ اسکیم شروع کی تو انہیں جیل بھیج دیا گیا، ملک میں احتساب وہ ہو جو نظر آئے، وہ احتساب نہ ہو جو انتقام پر مبنی ہو، عمران خان لڑائیوں میں پھنس گئے تو آپ کا نام سیاست سے ختم ہوجائے گا۔