لاہور: مسلم لیگ (ن) نے مبینہ حکومتی انتقامی کارروائیوں کے خلاف جوابی حکمت عملی تیار کرنے کے لئے سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا ہنگامی اجلاس کل طلب کر لیا۔
مسلم لیگ (ن) نے مبینہ حکومتی انتقامی کاروائیوں کے مقابلے کے لئے جوابی حکمت عملی کی تیاری شروع کردی ہے اور سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا ہنگامی اجلاس طلب کرلیا ہے۔ ذرائع کے مطابق کل صبح 11 بجے لاہور میں ہونے والے اجلاس کی صدارت سابق وزیراعظم نوازشریف کریں گے۔
اجلاس میں حکومتی اقدامات، سی پیک سے متعلق فیصلوں اور سیاسی انتقامی کاروائیوں کے خلاف حکمتِ عملی تیار کی جائے گی۔ (ن) لیگی قیادت حکومت کے خلاف راست اقدام پر مشاورت کرے گی۔ پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کو اعتماد میں لینے کے بعد اپوزیشن جماعتوں سے مشاورت کی جائے گی۔ ن لیگ کا موقف ہے کہ ضمنی انتخاب سے قبل شہباز شریف کی گرفتاری ناقابل قبول ہے اور انتقامی کاروائیاں مزید برداشت نہیں کی جائیں گی۔