کوئٹہ: ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری سے چیف ایگزیکٹو آفیسر کیسکو انجینئر عطاء اللہ بھٹہ اور جنرل منیجر سوئی سدرن گیس کمپنی مدنی صدیقی کی ملاقات، گیس اور بجلی کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہا کہ بلوچستان میں اٹھارہ گھنٹے بجلی کی لوڈ شیڈنگ قابل افسوس ہے اور کوئٹہ میں آٹھ سے دس گھنٹے لوڈ شیڈنگ نے عوام کا جینا دوبھر کردیا ہے جن پر قابو پانا ہم سب کی ذمہ داری ہے ۔ پورے ملک میں لوڈ شیڈنگ کم بلکہ بلوچستان میں بہت زیادہ ہورہی ہے۔ ڈپٹی اسپیکر نے بجلی کی زیادہ لوڈ شیڈنگ پر اظہار ناراضگی کرتے ہوئے کہا کہ اس سلسلے میں وفاقی وزیر بجلی سے ملاقات کرکے یہاں کے مشکلات سے آگاہ کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ کیسکو حکام میٹر کی تنصیب پر غریب لوگوں سے زیادہ پیسے لے رہے ہیں اور ایجنٹ کے ذریعے میٹرز مہیا کئے جاتے ہیں جو ناقابل برداشت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حلقہ انتخاب کے لوگ شکایات کے انبار لگارہے ہیں کہ کیسکو حکام نئے میٹر کی فراہمی کے لئے سرکاری فیس چار ہزار کے بجائے 14 سے 16 ہزار کا ڈیمانڈ کررہے ہیں جوکہ زیادتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے الیکشن کرپشن کے خاتمے کے لئے لڑی ہے اور عوام سے الیکشن کمپین میں یہی وعدہ کیا تھا کہ نہ خود کرپشن کریں گے اور نہ کسی کو کرنے دیں گے۔ قاسم خان سوری نے کہا کہ بدعنوانی نے ہمارے ملک اور اداروں کو تباہ کردیا ہے۔ سابقہ حکومت نے قومی خزانہ خالی کرکے دیا ہے اور ملکی وسائل کو بے دردی سے استعمال کئے ہیں جس کی وجہ سے موجودہ حکومت کو مشکلات درپیش ہے۔ ایسے حالات پر جلد قابو پالیا جائے گا اور ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کردیں گے۔ انہوں نے سخت ہدایات دی کہ کیسکو اپنے اندر کرپشن ختم اور کرپٹ لوگوں کے خلاف اقدامات اٹھائیں ۔ ہم کسی کرپٹ ٹولے کو برداشت نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوام میں شعور اجاگر کرنے کے لئے شہر کے مختلف علاقوں میں بڑے بڑے بینرز لگائے جائے تاکہ عوام کو پتہ ہو کہ نئے میٹر کے لئے سرکاری فیس صرف چار ہزار روپے ہے اور اس کے ساتھ چالیس گز تار بھی مفت فراہم کیا جائے گا۔ اور آفس میں ایک کمپلین سیل قائم کیا جائے تاکہ جو بھی میٹر کے تنصیب کے حوالے سے زیادہ ڈیمانڈ کرے گا عوام اس پر شکایت درج کراسکے۔ اس موقع پر سوئی سدرن گیس کمپنی کے جنرل منیجر مدنی صدیقی نے ڈپٹی اسپیکر کو بتایا کہ گیس چوری کی وجہ سے کافی مشکلات کا سامنا ہے اسی وجہ سے محکمہ اس سال پینسٹھ ہزار نئے میٹر بلوچستان کے مختلف شہروں میں لگارہے ہیں۔ ڈپٹی اسپیکر نے ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ سردیوں میں عوام کو گیس سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہونی چاہئے کیونکہ یہاں سخت سردی کی وجہ سے ہمیشہ غریب عوام کو مشکلات کا سامنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کیسکو حکام ابھی سے کام شروع کرے جہاں گیس کی فراہمی بارے مشکلات ہے اس کو حل کرے تاکہ عوام کو وقت پر گیس کی فراہمی میسر ہو۔
کیسکو کی شہریوں سے زیادتیوں پر وفاقی وزیر بجلی سے بات کرونگا ، قاسم سوری
وقتِ اشاعت : October 10 – 2018