کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی ہدایت کی روشنی میں محکمہ صحت نے کوئٹہ سمیت صوبہ بھر میں جعلی ، غیرمستند اور غیرمعیاری ادویات کے خلاف کریک ڈاؤن کا آغاز کردیا ہے، محکمہ صحت نے محکمے کے تمام انتظامی افسران کو اپنی ٹیموں کے ہمراہ ادویات کی مارکیٹوں اور میڈیکل اسٹوروں میں موجود ادویات کا جائزہ لے کر جعلی ادویات کا کاروبار کرنے والوں کے خلاف ڈرگ ریگولیشنز کے تحت سخت کارروائی کی ہدایت کی ہے جبکہ تمام ڈپٹی کمشنروں کو بھی محکمہ صحت کی ٹیموں کے ساتھ مکمل تعاون کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ جعلی ادویات کے خلاف آپریشن ان ادویات کے مکمل خاتمے تک جاری رہے گا ،علاوہ ازیں تمام میڈیکل اسٹورز کو اہل اور تربیت یافتہ ملازمین رکھنے کا پابند بھی کیا گیا ہے، محکمہ صحت کی جانب سے انتباہ کیا گیا ہے کہ اس عمل میں غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے والے افسروں کے خلاف بھی محکمانہ کاروائی کی جائے گی۔ محکمہ صحت کے ضلعی افسران کو جعلی ادویات کے خلاف کاروائی کی رپورٹ ہر ہفتہ جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اکتوبرکے پہلے ہفتہ میں ڈرگ انسپکٹرز نے 42میڈیکل اسٹورز کا معائنہ کیا اور 15ادویات کا ٹیسٹ کیا گیا غیر لائسنس یافتہ تین میڈیکل اسٹورز کو سیل کیا گیا جبکہ دو کیس کورٹ میں رجسٹر کئے گئے۔
وزیراعلیٰ کی ہدایت پر صوبہ بھر میں غیر معیاری ادویات کیخلاف کریک ڈاؤن کا آغاز
وقتِ اشاعت : October 11 – 2018