|

وقتِ اشاعت :   October 15 – 2018

مستونگ /خضدار :  بلوچستان اسمبلی کی دو نشستوں پر ضمنی انتخابات میں حلقہ پی بی 40خضدار سے بلوچستان نیشنل پارٹی کے میر اکبر مینگل اور حلقہ پی بی 35مستونگ سے آزاد امیدوار نواب اسلم خان رئیسانی کامیاب ہوگئے ۔

تفصیلات کے مطابق اتوار کوبلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی35مستونگ اور حلقہ بی پی 40خضدار کی خالی نشستوں پر ضمنی انتخاب میں پولنگ صبح 8سے شام 5بجے تک پرامن طور پر جاری رہی پولنگ کے اختتام پر ووٹوں کی گنتی کا عمل شروع ہوا ۔

جس کے بعد حلقہ پی بی 35کے کل 105پولنگ اسٹیشنز کے موصول ہونے والے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق آزاد امیدوار سابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب اسلم خان رئیسانی14ہزار 7سو11ووٹ لیکر کامیاب جبکہ بلوچستان عوامی پارٹی کے سردار نوراحمدبنگلزئی 9ہزار 6سو 10ووٹ لیکر دوسرے اور سردار کمال خان بنگلزئی 8ہزار 1سو90ووٹ لیکر تیسرے نمبر پر رہے۔

جبکہ حلقہ پی بی 40خضدار کی نشست پر کل 93پولنگ اسٹیشنر کے موصول ہو نے والے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق بی این پی کے نامزد امیدور میر محمد اکبر مینگل23905ووٹ لیکر فیصلہ کن برتری حاصل کی جبکہ جھالاوان عوامی پینل کے میر شفیق الرحمن مینگل 14312 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے ۔

یاد رہے کہ بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی 35سے بلوچستان عوامی پارٹی کے امیدوار نوابزادہ سراج رئیسانی کے خود کش دھماکے میں شہیدہونے کے باعث الیکشن ملتوی کئے گئے تھے جبکہ حلقہ پی بی 40خضدار کی نشست بی این پی کے سردار اختر جان مینگل نے قومی اسمبلی کی نشست پر بیٹھنے کے بعد خالی ہو گئی تھی ۔

ضمنی انتخاب کے موقع پر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے پاک فوج،ایف سی،پولیس،لیویز کے جوان سیکورٹی پر تعینات رہے دریں اثناء بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ و رکن قومی اسمبلی سردار اخترجان مینگل نے پی بی 40پر واضح اکثریت سے کامیابی پر کارکنوں کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ، پی بی 40پر کامیابی بی این پی اور متحدہ مجلس عمل کے کارکنوں کی مشترکہ محنت اور کوششوں کا نتیجہ ہے۔

جنہوں نے دن رات محنت کرکے اتحادکو کامیاب بنانے میں کردار ادا کیاہے ، اور یہ اتحاد ہمیشہ و تاریخی رہیگا ، ۔ یہ بات انہوں نے ضمنی الیکشن میں بی این پی اور ایم ایم اے کی مشترکہ امیدوار میر محمد اکبر مینگل کی کامیابی کے بعد ورکرز سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ 

اس موقع پر ایم پی اے حمل کلمتی ، میر محمد اکبر مینگل ،آغا سلطان ابراہیم احمد زئی ، سفر خان مینگل ودیگر کارکنان موجود تھے ، بی این پی کے قائد سردار اختر مینگل نے کہاکہ بی این پی اور ایم ایم اے کا اتحاد تاریخ کا حصہ بن چکا ہے ۔

قومی انتخابات کے بعد ضمنی الیکشن میں پی بی 40پر کامیابی بھی دونوں جماعتوں کے کارکنوں کی کاوشوں کا نتیجہ ہے ، انہوں نے کہاکہ ایم ایم اے اور بی این پی آئندہ بھی اسی طرح ملکرچلیں گے ۔

انہوں نے پی بی 35نواب محمد اسلم رئیسانی کی کامیابی پر بھی انہیں مبارک باد پیش کی ،انہوں نے کہاکہ مستونگ میں بھی بی این پی ایم ایم اے اور نواب محمد اسلم رئیسانی کے اتحاد کو کامیابی ملی ہے یہ کامیابی پورے بلوچستان کے عوام کی کامیابی ہے ۔