اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان سے بڑی کاروباری شخصیات اور اقتصادی ماہرین نے ملاقات کی جس میں موجودہ اقتصادی صورتحال اور معیشت کی ترقی کے حوالے سے امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم میڈیا آفس سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں وزیر خزانہ اسد عمر، وزیراعظم کے مشیر عبدالرزاق داؤد، حسین داؤد، علی ایس حبیب، بشیر محمد، عارف حبیب، میاں عبداﷲ، طارق سہگل، خرم مختار، فواد احمد مختار، طارق سلمان شاہ، ڈاکٹر اشفاق حسن خان اور دیگرشامل تھے۔ اجلاس کے دوران موجودہ چیلنجوں اور ملک کو اس صورتحال سے نکالنے اور تحریک انصاف کی اصلاحات پر عملدرآمد اور ترقی کے ایجنڈے سمیت دیگر امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
شرکاء نے ورثے میں ملنے والے چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے موجودہ حکومت کی طرف سے اٹھائے گئے اقدامات اور ملکی معیشت کو استحکام دینے کے ساتھ ساتھ تاجر برادری کے اعتماد کی بحالی کے لیے اقدامات کو سراہا۔ وفد نے موجودہ حکومت کے 50لاکھ گھروں کی تعمیر کے منصوبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے نہ صرف روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے بلکہ تعمیراتی شعبے سے وابستہ صنعتوں کو بھی ترقی ملے گی۔
معیشت کو درپیش مختلف مسائل کو زیربحث لاتے ہوئے شرکاء نے مقامی صنعت کو مستحکم بنانے کے لیے مختلف تجاویز بھی پیش کیں جس میں پاکستانی مصنوعات کو عالمی مسابقت کے مطابق بنانے اور انھیں یکساں مواقع کی فراہمی کی تجاویز شامل تھیں۔ انھوں نے وزیراعظم کو یقین دلایا کہ تاجر برادری اصلاحاتی ایجنڈے پر عملدرآمد اور موجودہ اقتصادی چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے مکمل تعاون کرے گی۔
ملاقات کے دوران زراعت ، صنعت سمیت مختلف شعبوں کے فروغ کے لیے قلیل، وسط اور طویل المدتی اقدامات پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے وفد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کی طرف سے قابل قدر آراء کو سراہا۔ وزیراعظم نے کہا کہ موجودہ اقتصادی صورتحال مشکل اقتصادی فیصلوں کا تقاضا کرتی ہے، کوشش کر رہے ہیں ایسے اقدامات کا بوجھ عام آدمی پر نہ پڑے ۔ انھوں نے کہا کہ تاجر برادری کی جانب سے سامنے آنے والی آراء ، سرمایہ کاروں کے متوجہ ہونے کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کرنے میں معاون ثابت ہوں گی جبکہ اس سے ملکی صنعت کا فروغ یقینی ہو سکے گا۔
دریں اثنا اسدعمرنے وزیراعظم کو آئی ایم ایف سے ہونے والے مذاکرات پر بریفنگ دی اور سابق دور میں لیے گئے قرضوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ ملاقات میں مشیر تجارت نے برآمدات بڑھانے سے متعلق اقدامات سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم کے مشیر بر ائے کامرس، ٹیکسٹائل انڈسٹری و سرمایہ کاری عبدالرزاق داؤد نے کہا ہے کہ پاکستان جلد کئی ممالک کے ساتھ فری ٹریڈ معاہدے کرے گا، سعودی حکومت توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کرنے کے لیے تیار ہے اور گوادر میں آئل سٹی بھی بنائے گی۔