دبئی: آسٹریلیا کو دھول چٹانے والے محمد عباس نے آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں تیسری پوزیشن حاصل کرلی جبکہ انہوں نے بہت کم میچز میں زیادہ سے زیادہ وکٹیں حاصل کرکے یہ منفرد اعزاز حاصل کیا۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے نئی ٹیسٹ رینکنگ جاری کردی ہے۔ پاکستان کے ابھرتے ہوئے مایہ ناز فاسٹ بالر محمد عباس نے آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ میچز میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرکے رینکنگ میں 11 درجے ترقی کرلی ہے۔
محمد عباس نے صرف 10 ٹیسٹ میچ میں 800 پوائنٹس حاصل کرنے والے 10 ویں پاکستانی بالر ہونے کا اعزاز بھی حاصل کرلیا ہے۔ ابو ظبہی ٹیسٹ میں محمد عباس نے 10 وکٹیں حاصل کرکے پاکستان کو 373 رنز سے فتح دلانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ اس سے قبل لیگ اسپنر یاسر شاہ بھی 10 میچز میں 800 پوائنٹس حاصل کرنے میں کامیاب ہوچکے ہیں۔
پاکستان کی جانب سے فضل محمود نے 16 ٹیسٹ میں عمران خان اور وسیم اکرم نے 37 ٹیسٹ میچز میں، وقار یونس 12، مشتاق احمد 25، شعیب اختر 29 جب کہ محمد آصف اور سعید اجمل نے 19، 19 میچز میں 800 پوائنٹس حاصل کیے تھے۔
نئی رینکنگ میں قومی ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں نے بھی ترقی کی ہے جن میں آف اسپنر بلال آصف شامل ہیں جو 17 درجے ترقی کرکے 52 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ بلے بازوں میں قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے 17 درجے ترقی کی ۔ انہوں نے ابوظبہی ٹیسٹ میں 94 اور 81 رنز کی اننگز کھیلیں تھیں۔ اوپنر فخر زمان 68 ویں، بابر اعظم 76 ویں پوزیشن پر آگئے ہیں۔
آئی سی سی رینکنگ میں بھارت پہلے اور پاکستان 7 ویں نمبر پر ہے۔ آسٹریلیا پر فتح سے گرین شرٹس کو 7 پوائنٹس حاصل ہوگئے ہیں۔ دوسری جانب کینگروز کی تیسری سے پانچویں پوزیشن پر تنزلی ہوگئی ہے۔ رینکنگ میں چھٹا نمبر پاکستان کی دسترس میں آنے لگا ہے اور سری لنکا سے صرف 2 پوائنٹس کا فرق باقی رہ گیا ہے۔
بلے بازوں میں ویرات کوہلی بدستور نمبر ون ہیں جب کہ پاکستانی کھلاڑیوں میں سب سے اوپر اظہر علی ہیں جو 17 ویں پوزیشن پر ہیں۔ بولرز میں انگلینڈ کے جیمز اینڈرسن سرفہرست جب کہ محمد عباس تیسرے نمبر پر ہیں۔ آل راؤنڈرز میں بنگلہ دیش شکیب الحسن پہلی پوزیشن پر براجمان ہیں۔