|

وقتِ اشاعت :   October 21 – 2018

ڈیرہ بگٹی: جمہوری وطن پارٹی کے سربراہ اور رکن قومی اسمبلی نوابزادہ شاہ زین بگٹی نے کہا ہے کہ دنیا میں کوئی بھی حکومت محض دو ماہ میں کوئی بھی کارکردگی نہیں دکھا سکتی قوم حوصلہ رکھے انشااللہ مسائل حل ہونگے جبکہ 4 گیس فیلڈز کے باوجود بلوچستان کو بالعموم جبکہ ڈیرہ بگٹی کو بالخصوص گیس نہ ملنا المیہ ہے ۔

انہوں نے یہ گفتگو ڈیرہ بگٹی میں آن لائن سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کی نوابزادہ شاہ زین بگٹی کا کہنا تھا کہ دنیا میں کوئی بھی حکومت محض دو ماہ میں کچھ نہیں کرسکتی وہ سمجھتے ہیں کہ قوم کو حوصلہ رکھ کر اس گورئمنٹ کو مزید وقت دینا چاہیئے انہیں امید ہی نہیں بلکہ یقین ھے کہ قوم کو درپیش تمام مسائل حل ہونگے ۔

جبکہ ایک سوال کے جواب میں شاہ زین بگٹی کا کہنا تھا کہ چار چار گیس فیلڈز کے مالک ہونے کے باوجود علاقہ مکینوں کو گیس نہ ملنا المیہ ھے جبکہ شاہ زین بگٹی نے گزشتہ چند ماہ کے دوران زچگی کے دوران خواتین اور نومولود بچوں کی ہلاکتوں پر افسوس کرتے ہوئے یقین دلایا کہ وہ نہ صرف ضلع ڈیرہ بگٹی و سبی ڈویژن بلکہ بلوچستان بھر میں صحت گیس اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی میں اپنا ایماندارانہ کردار ادا کریں گے ۔

نوابزادہ شاہ زین بگٹی کا کہنا تھا کہ ان کے پارٹی یعنی جمہوری وطن پارٹی نے ان کے دادا نواب اکبر بگٹی شہید سے لے آج تک کبھی اصولوں پر سودے بازی نہیں کی جبکہ وہ اور ان کے بھائی نوابزادہ گہرام بگٹی سمیت پارٹی کا ہر کارکن حق اور انصاف کی آواز ہر فورم پر بلند کریں گے جبکہ شاہ زین بگٹی مقامی صحافیوں کو بھی ہر ممکن تعاون کی یقین دہائی کراتے ہوئے کہا کہ وہ ضلع ڈیرہ بگٹی میں مقیم صحافیوں کو درپیش مسائل کو حل کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔