|

وقتِ اشاعت :   October 24 – 2018

خضدار :  ضلع آواران کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی قومی دھارے میں شمولیت کی تقریب پرامن بلوچستان پالیسی کے تحت ایف سی کیمپ خضدار میں مالی امداد کی رقم تقسیم کی گئی۔

تقریب کے مہمان خصوصی کمانڈر ویسٹ ایف سی بلوچستان بریگیڈئیر ثاقت مرزا تھے جبکہ ڈپٹی کمشنر خضدار میجر (ر) محمد الیاس کبزئی،قلات اسکاوٹس کے آفسران اور دیگر نے بھی تقریب میں شرکت کی ۔

تقریب سے کمانڈر ویسٹ ایف سی بلوچستان برگیڈیئر ثاقب مرزا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے نوجوان ملک کا اثاثہ ہیں دشمن قوتیں ملک کو کمزور کرنے کی خاطر ان معصوم نوجوانوں کو استعمال کرکے اپنے مقاصد کا حصول چاہتے ہیں مگر بلوچستان کے بلوچ عوام محب وطن ہیں ۔

پاک فوج اپنے غیور عوام کے ساتھ ملکر ملک دشمن قوتوں کی عزائم کوخاک میں ملا دے گی،وقت کے ساتھ بھٹکے ہوئے نوجوان پاکستان کی علم کو ہاتھ میں تھامے ہتھیار پھینک کر قومی دھارے میں شامل ہوتے جا رہے ہیں اور یہی وہ واحد راستہ ہے کہ کیونکہ پاکستان ایک نا قابل تسخیر ملک بن چکاہے ۔

اس کی سرحدیں محفوظ ہاتھوں میں ہیں ہتھیار پھینک کر قومی دھارے میں شامل ہونے والے نوجوان ماضی کو بھول کر نئی شروعات کا آغاز کریں اپنے بچوں کو تعلیم دلائیں ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کریں ۔

ایسے نوجوانوں کی ہم پہلے بھی حوصلہ افزائی کی ہے اور آئندہ بھی حوصلہ افزائی کرتے رئینگے بلوچستان سے اب پسماندگی کا خاتمہ ہو گا ترقی کی نئی راہیں کھل گئی ہیں سی پیک جیسے منصوبے بلوچستان اور پاکستان کی ترقی کی بنیاد بن رہی ہیں ایسے منصوبوں کی کامیابی سے دشمن قوت بوکھلاہٹ کا شکار ہو کر بلوچستان میں عدم استحکام پیدا کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں مگر انہیں اب ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گاکیونکہ پاکستانی عوام دشمن کی چالوں اور عزائم سے بخوبی آگاہ ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ امید رکھتا ہوں قومی دھارے میں شامل افراد خاص کر نوجوان پر امن پاکستانی کی حیثیت سے نہ صرف زندگی بسر کرئینگے بلکہ جہاں بھی ضرورت ہوا وہ مسلح افواج کے شانہ بشانہ ہونگے قیام پاکستان سے لیکر آج تک جو قوتیں پاک دھرتی کے خلاف سازشیں کرتے رہے وہ خود ملیا میٹ ہو گئے ۔

پاکستان اللہ تعالیٰ کی مدد پاکستانی عوام کے بھروسہ مسلح افواج کی بدولت قائم و دائم ہیں تقریب کے اختتام پر کمانڈر ویسٹ (ایف سی) بلوچستان اور ڈپٹی کمشنر خضدار نے قومی دھارے میں شامل افراد میں امدادی رقم تقسیم کی جبکہ ایف سی پبلک سکول و کالج کے طلباء نے ملی نغمے پیش کئے