|

وقتِ اشاعت :   November 2 – 2018

 کراچی: پاک بحریہ کی مشق سی اسپارک 2018 کے دوران شمالی بحیرہ عرب میں بحری جہازشکن میزائلز فائرنگ کا شاندار مظاہرہ کیا گیا ہے۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق  پاک بحریہ کے جہازوں سے داغے گئے میزائلوں نے درستگی کے ساتھ اپنے اپنے اہداف کو نشانہ بنایا، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات نے پی این ایس معاون سے فائرنگ کے اس مظاہرے کو دیکھا، اس موقع پر  پاک بحریہ اور پاک فضائیہ کے سربراہان اور مسلح افواج کے سینئر افسران بھی موجود تھے ۔

ترجمان نے کہا کہ مہمان خصوصی نے پاک بحریہ کی یونٹس کے فلیٹ ریویو اور نیول ایئر آرم کے فلائی پاسٹ کے مظاہرہ کو بھی دیکھا، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کا کہنا تھا کہ  پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریاں اطمینان بخش ہیں اوریہ خطے کی ایک جدید اور باصلاحیت فورس بن چکی ہے۔

 

اس موقع پر سربراہ پاک بحریہ نے کہا کہ  لائیو ویپن فائرنگ کا یہ کامیاب مظاہرہ پاک بحریہ کی قابل اعتماد اور بھر پورفائر پاور صلاحیت کا عکاس ہے، چار جہتی پاک بحریہ کسی بھی بحری جارحیت کا جواب دینے کےلئے مکمل تیار ہے۔

ائیر چیف نے پاک بحریہ اور پاک فضائیہ کے مابین مشترکہ آپریشنز کرنے کی مربوط صلاحیتوں کی تعریف کی ۔