کوئٹہ: بی اے ، بی ایس سی کے امتحانات سے متعلق کالج اساتذہ نے اپنے مطالبات منوالئے ،سیکرٹری کالجز ہائیر وٹیکنیکل ایجوکیشن کی موجودگی میں جامعہ بلوچستان اور بی پی ایل اے کے نمائندہ وفودکے مابین مذاکرات ، مالی مطالبات پر ایک ہفتے میں فنانس کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوگا ۔
کنٹرولرجامعہ بلوچستان اپنی مرضی سے کسی پروفیسرکی ڈیوٹی نہیں لگائیں گے ، تحریری معذرت کے بعد بی پی ایل اے بائیکاٹ ختم کرے گی جبکہ یونیورسٹی سینٹ ، سینڈیکیٹ اور دیگر فورمز میں کالج پروفیسرز کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا ۔
بی ایس سی کے پریکٹیکل امتحانات اور پیپر مارکنگ سے جاری بائیکاٹ اور درپیش صورتحال پر غور کے لئے محکمہ کالجز اور یونیورسٹی انتظامیہ میں پہلے بھی روابط ہوئے تھے جبکہ گزشتہ روز سیکرٹری کالجز ہائیر اینڈ ٹیکنیکل ایجوکیشن عبدالصبور کاکڑ کی سربراہی میں بی پی ایل اے اور جامعہ بلوچستان کے وفود کے مابین باضابطہ مذاکرات ہوئے جس میں متعدد اہم فیصلے کئے گئے ۔
بلوچستان پروفیسرز اینڈ لیکچررز ایسوسی ایشن کے مرکزی دفتر سے جاری ہونے والے اعلامیئے کے مطابق اجلاس میں کالج اساتذہ کو درپیش مسائل پر تفصیلی غور و خوض ہوا اور طے پایا کہ جامعہ بلوچستان، کالجز ڈیپارٹمنٹ سے امتحان اور مارکنگ کے دوران پروفیسرز سے زیادتی حالات کو ناخوشگوار موڑ پر لانے اور طاقت کے استعمال پر تحریری معذرت کرے گی ۔
جبکہ کالج پروفیسرز کی سینٹ، سینڈیکیٹ، اکیڈمک کونسل اور دیگر متعلقہ فورمز پر تعیناتی کے لئے یونیورسٹی ایک ہفتے کے اندر سیکرٹری کالجز کو مراسلہ لکھے گی اور ان پر کالج پروفیسرز کا انتخاب کیا جائے گا۔ بی پی ایل اے کے پیش کردہ تمام مالی مطالبات پر ایک ہفتے کے اندر یونیورسٹی فنانس کمیٹی کا اجلاس بلایا جائے گا اور ان مطالبات کی منظوری دی جائے گی۔
آئندہ کنٹرولر جامعہ بلوچستان از خود کسی کالج پروفیسر کی امتحانی ڈیوٹی لگاسکتے ہیں نہ ہی انہیں دوسرے یونیورسٹی امور میں تعینات کرسکتے ہیں اس مقصد کے لئے سیکرٹری کالجز سے پروفیسرز کی لسٹ طلب کی جائے گی اور اس لسٹ کے علاوہ کسی کی ڈیوٹی نہیں لگائی جائے گی۔
یونیورسٹی کی جانب سے اطمنان بخش تحریری معذرت نامہ کے بعد بی پی ایل اے بائیکاٹ ختم کرنے کا اعلان کرے گی دریں اثناء بی پی ایل اے کے جاری کردہ بیان میں کالج پروفیسرز کے مسائل کے حل کے لئے مثبت کردار ادا کرنے پر سیکرٹری کالجز ہائر وٹیکنیکل ایجوکیشن عبدالصبور کاکڑ کا شکریہ ادا کیا گیا ہے ۔
جبکہ اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن کے رہنماؤں کے کردار کو بھی سراہتے ہوئے بی پی ایل اے نے اس بات کی ضرور ت پر زور دیا ہے کہ کالجز اور یونیورسٹی پروفیسر ز کو درپیش مسائل کے حل کے لئے مشترکہ جدوجہد کی جائے تاکہ پروفیسرز کو ان کے حقوق دلائے جاسکیں اور ثانوی و اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لئے فعا ل کردار ادا کیا جاسکے۔
کوئٹہ، بی پی ایل اے اور کنٹرولر جامعہ بلوچستان میں مذاکرات کامیاب ، بائیکاٹ ختم
وقتِ اشاعت : November 4 – 2018