راولپنڈی: چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار کو طبیعت میں بہتری کے بعد اسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا ہے۔
چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار کو طبیعت میں مزید بہتری آنے کے بعد انسٹیوٹ آف کارڈیالوجی ( آر آئی سی) سے فارغ کردیا گیا ہے تاہم ان کی عدم دستیابی کی وجہ سے سپریم کورٹ میں آج اہم مقدمات کی سماعت ملتوی کردی گئی ہے۔
سربراہ آر آئی سی جنرل ریٹائرڈ اظہر کیانی نے صبح سویرے چیف جسٹس کا معائنہ کیا۔ اسپتال ذرائع کے مطابق چیف جسٹس کا بلڈ پریشر اور دل کی دھڑکن بھی نارمل ہے۔ چیف جسٹس کو اسپتال میں ہلکا ناشتہ بھی کروایا گیا ہے جس کے بعد ان کا دوبارہ تفصیلی معائنہ ہوا۔
تفصیلی معائنے کے بعد چیف جسٹس کو چہل قدمی کروائی گئی اور پھر گھر جانے کی اجازت دے دی گئی۔ چیف جسٹس کو گزشتہ روز راولپنڈی انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں داخل کیا گیا تھا جہاں ان کی اینجیوپلاسٹی کی گئی اور دل کی ایک بند شریان کو کھولا گیا۔
چیف جسٹس کی بیماری اور عدم دستیابی کی وجہ سے سپریم کورٹ کے ججز روسٹر اور کاز لسٹ کو ایک دن کے لیے تبدیل کردیا گیا ہے اور بنچ ون کے اہم مقدمات بھی ڈی لسٹ کردیے گئے۔