|

وقتِ اشاعت :   November 7 – 2018

 اسلام آباد: سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان اپنا دماغی معائنہ کرالیں جب کہ فیس میں دینے کو تیار ہوں۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ وزیراطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان اپنا دماغی معائنہ کرالیں، معائنے کی فیس میں دینے کو تیار ہوں، الزام لگانا ہے تو اسمبلی کے فلور پر لگائیں جب کہ سڑک اور بازاروں میں چلے جائیں کوئی پی ٹی آئی کا نام لینے والا نہیں ہے۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ حکومت بتائے گی کہ آئی ایم ایف سے کیا بات کرنی ہے، ان کا تو کہنا تھا خودکشی کر لیں گے قرضہ لے کر۔ ان کا کہنا تھا کہ بڑی کامیابی ہے 3 دن میں دھرنا ختم ہوگیا جب کہ اب گرفتاریاں نہیں صرف خانہ پوری کی جارہی ہے۔

دوسری جانب وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے شاہد خاقان عباسی کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آل شریف کی محبت میں مبتلا ہوکر شاہد خاقان عباسی اپنے قائد نوازشریف اور ان کے خاندان کی کرپشن کو چھپانے کے لیے دوسروں پر دشنام طرازی کررہے ہیں، شاہد خاقان عباسی میری فکر کرنے کے بجائے اڈیالہ جیل جانے یا پھر نیب کے ساتھ پلی بارگین کرنے کی تیاری کریں۔