راولپنڈی: جے یو آئی (س) کے سربراہ مولانا سمیع الحق کی قتل کی تفتیش کرنے والی خصوصی ٹیم کے سربراہ کو تبدیل کردیا گیا ہے۔
جے یو آئی (س) کے سربراہ مولانا سمیع الحق کے قتل کی تحقیقات کے لیے ایس پی انویسٹی گیشن سردار غیاث گل کی سربراہی میں 7 رکنی خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی تھی تاہم اب اس ٹیم کے سربراہ کو ہی تبدیل کردیا گیا ہے۔
ایس پی راولپنڈی سردار غیاث گل کو پرنسپل پولیس ٹریننگ اسکول تعینات کردیا گیا ہے جب کہ ان کی جگہ گوجرانوالہ میں تعینات ایس ایس پی امیر عبداللہ نیازی کو ایس پی انویسٹی گیشن راولپنڈی تعینات کردیا گیا ہے۔ مولانا سمیع الحق کیس کی تفتیشی ٹیم کی سربراہی بھی امیر عبداللہ نیازی کریں گے۔
واضح رہے کہ مولانا سمیع الحق کو 2 نومبر کو راولپنڈی میں ان کے گھر کے اندر چھریوں کے وار کرکے قتل کیا گیا تھا تاہم پولیس اب تک ملزمان کا سراغ نہیں لگاسکی۔