|

وقتِ اشاعت :   November 9 – 2018

کوئٹہ: بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن (پجار) لمز اْتھل زون کا ذونل اجلاس بی ایس او کے مرکزی آرگنائزر ظریف رند کی زیرِ صدارت لمز یونیورسٹی میں منعقد ہوا جس میں تنظیمی ممبران نے بھرپور انداز میں شرکت کی۔ 

ذونل اجلاس میں تعارفی نشست، سیاسی تناظر، تنظیم اور مرکزی کونسل سیشن کے ایجنڈے زیرِ بحث رہے جبکہ آئندہ کے لائحہ عمل میں اْتھل زون کا سات رکنی آرگنائزنگ باڈی تشکیل دیا گیا جس کے مطابق ذونل آرگنائزر شیخ بلوچ، ڈپٹی آرگنائزر عامر ارمان بلوچ، انفارمیشن سیکریٹری شاہد اسلم بلوچ جبکہ ممبران ذونل کمیٹی شاہجہان بلوچ، عادل بلوچ، ذاکر بلوچ اور طیب ثنا بلوچ منتخب ہوئے۔ 

مرکزی آرگنائزر ظریف رند نے ممبران نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بی ایس او کی تاریخی جدوجہد بلوچ قوم کیلئے ایک عظیم میراث ہے اور یہی بلوچ راج کی سیاسی یاداشت ہے۔ بی ایس او کی بحالی اور تشکیلِ نو کا عمل بلوچ قوم اور بالخصوص طلبہ سیاست کی بحالی کیلئے نیک شگون ہے۔ 

انہوں نے کہاکہ 25 تا 27 نومبر کو بی ایس او کا اکیسواں قومی کونسل سیشن منعقد کیا جارہاہے جو بلوچ سیاست میں بہت بڑی معیاری تبدیلی کا ضامن بنے گا اور اکیسویں صدی کے جدید تقاضوں کے مطابق پروگرام و پالیسی تشکیل دیکر قوم کو روشن مستقبل کی راہوں پر گامزن کیا جائیگا۔ دریں اثناء بی ایس او کا مرکزی ڈاکومنٹ بھی ممبران میں تقسیم کیا گیا۔