کوئٹہ: رواں سال بلوچستان کے ضلع دکی میں پولیو وائرس کی وجہ سے 3 بچے زندگی بھر کے لیے معذور ہوچکے ہیں۔ ان معصوم بچوں کو معذور کرنے والا وائرس تاحال ہمارے ماحول میں موجود ہے۔
کوئٹہ ، قلع عبداللہ اور لورالائی میں گندے پانی سے لیے گئے نمونوں میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ لہذا بچوں کو پولیو سے بچانے کے لییصوبے کے 15 اضلاع میں تین روز ہ انسداد پولیو مہم 12 نو مبر سے شروع کی جا رہی ہے ۔
پولیو ایمرجنسی آپریشن سینٹرکے کوارڈینیٹر راشدرزاق کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے15اضلاع میں تین روزہ انسداد پولیو مہم پیر سے شروع کی جارہی ہے جس کے لئے تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔
پولیو مہم کے دوران کوئٹہ ،پشین ،قلعہ عبداللہ ،قلعہ سیف اللہ ،ڈیر بگٹی ،ژوب،زیارت ،مستونگ ،جعفر آباد،نصیر آباد،لسبیلہ ، بولان، جھل مگسی، سبی، اور صحبت پور سمیت افغان مہاجرکیمپوں میں13لاکھ سے زائد بچوں کوپولیو سے بچاکی ویکسین پلائی جائے گی۔
راشد رزاق نے والدین سے مہم کے دوران مکمل تعاون کی اپیل کی ہے۔ مہم میں 4ہزار9 سو17 موبائل ٹیمیں454فکسڈ سائٹ ،364ٹرانزٹ پوائنٹس پرپولیو کا عملہ فرائض انجام دیگا ۔ مہم کے دوران 5سال سے کم عمر کے13لاکھ سے زائد بچوں کوپولیوکے قطرے پلانے کاہدف مقررکیاگیاہے سیکورٹی کیلئے ایف سی ،لیویز ،پولیس کا تعاون بھی حاصل رہے گا ۔
آغا خان یونیورسٹی میں بچوں کے شعبے سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر غفار بلو نے پولیو ویکسین کو مکمل محفوظ قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی دنیا سمیت پوری دنیا میں اسی ویکسین کے ذریعے پولیو کا خاتمہ یقینی بنایا گیا ہے۔
لہذا بچوں کو ہر مہم میں قطرے پلانے میں کوئی حرج نہیں بلکہ اس سے پولیو وائرس کے خلاف قوت مدافعت پیدا ہوتی ہے۔ پولیو کو ہرانے کی جنگ میں والدین، سیاسی حلقوں، علما کرام او ر انتظامیہ کا کردار نہایت اہم ہے۔
ان کی مثبت سوچ ، رویوں اور مدد کی بدولت پولیوکی مہم کامیابی سے ہمکنار ہو سکتی ہے ۔راشدرزاق نے کہاہے کہ پولیو مہم کے سلسلے میں تما م اضلاع کے انتظامیہ سے رابطہ میں ہیں اور اس ضمن میں سکیورٹی کے تما م انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں ۔اس حوالے سے ضلعی انتظامیہ اور بلخصوص ایف سی ،لیویز اور پولیس کا تعاون اور کردار نا قابل فراموش ہے ۔پولیو کے موذی مرض کے خاتمے کیلئے معاشرے کے ہر فرد تمام طبقات بلخصوص میڈیا کو کردار ادا کرنا ہوگا ۔
پولیو کے خاتمے کیلئے سب سے زیادہ عوام میں شعور کا اجاگر ہونا نہایت ہی لازمی ہے جس کیلئے میڈیا کا کردار اہمیت کا حامل ہے ۔ہم میڈیا سماجی حلقوں علما کرام اور سیاسی جماعتوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ پولیو مہم میں ہمارااور قوم کا ساتھ دیں۔
کوئٹہ ، قلعہ عبداللہ اور لورالائی کے گندے پانی سے پولیو وائرس کی تصدیق ہوگئی
وقتِ اشاعت : November 12 – 2018