لاہور: پنجاب اسمبلی میں سینیٹ کی 2 نشستوں پر الیکشن کے لیے پولنگ جاری ہے۔
پنجاب اسمبلی میں سینیٹ کی 2 نشستوں پر الیکشن کے لیے پولنگ جاری ہے، جس کا اختتام شام 4 بجے ہوگا۔ سینیٹ انتخابات میں مسلم لیگ (ن) كے سعود مجید كا تحریک انصاف كے ولید اقبال سے مقابلہ ہے جب كہ خواتین كی نشست پر تحریک انصاف كی سیمی ایزدی اور مسلم لیگ (ن) كی سائرہ افضل تارڑ كے درمیان مقابلہ ہے ، دونوں نشستیں مسلم لیگ (ن) كے ہارون اختر اور سعدیہ عباسی كی نا اہلی كے باعث خالی ہوئی ہیں۔
سینیٹ الیكشن میں پنجاب اسمبلی كے 371 كے ایوان میں 369 اراكین اسمبلی اپنا حق رائے دہی استعمال كریں گے، چوہدری نثارعلی خان نے تاحال بطور ممبر پنجاب اسمبلی حلف نہیں اٹھایا اس لیے وہ سینیٹ الیكشن میں ووٹ دینے كے اہل نہیں، اسی طرح پی پی 168 لاہور سے مسلم لیگ (ن) كے خواجہ سعد رفیق كی چھوڑی ہوئی نشست پر ضمنی الیكشن ہونا باقی ہے۔
ایوان میں تحریک انصاف كی 180، مسلم لیگ (ق) كی 10، پیپلز پارٹی كی 7، مسلم لیگ (ن) كی 167، 4 آزاد اراكین اور راہ حق پارٹی كی ایک نشست ہے۔
حكمران جماعت تحریک انصاف كو مسلم لیگ (ق) كے 10 اركان كی حمایت حاصل ہے اورحكمران اتحاد كے ووٹوں كی تعداد 190 ہے، پی ٹی آئی راہ حق پارٹی اور آزاد اركان كی بھی حمایت حاصل ہونے كے لئے پر امید دكھائی دیتی ہے جب کہ دوسری طرف مسلم لیگ (ن) كو پیپلزپارٹی كے 7 اركان سمیت 174 ووٹوں كی حمایت حاصل ہوگی۔