|

وقتِ اشاعت :   November 21 – 2018

کوئٹہ; بلوچستان ہائی کورٹ نے پی بی26پر کامیابی کے بعد غیر ملکی اور نا اہل قرار دیئے گئے علی احمد کوہزاد کی پاکستانی شہریت کی بحالی کی درخواست پر وزارت داخلہ اور الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کردیا۔ 

بلوچستان ہائی کورٹ کے جسٹس جناب جسٹس جمال خان مندوخیل اور جسٹس جناب جسٹس محمد کامران خان ملاخیل پرمشتمل بینچ نے ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی سے تعلق رکھنے والے احمد علی کوہزاد کی جانب سے دائر آئینی درخواست کوسماعت کیلئے منظور کیا۔

سماعت شروع ہوئی تو درخواست گزار اور ان کے وکیل پیش ہوئے انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ الیکشن کمیشن کے 24اکتوبر کے نوٹیفکیشن کو کالعدم قراردیا جائے جس میں انہیں غیر ملکی قرار دیتے ہوئے اس حلقے پر دوبارہ انتخابات کا حکم دیا گیا۔

علی احمد کوہزاد نے مؤقف اختیار کیا کہ وہ پاکستانی شہری ہیں اور وزارت داخلہ نے پاکستانی ہونے کے باوجود ان کی شہریت ختم کی جو آئین کی خلاف وری ہے۔ انہوں نے عدالت سے پاکستانی شہریت بحال کرنے کی بھی درخواست کی۔ عدالت نے آئینی درخواست کو سماعت کیلئے منظور کرتے ہوئے فریقین کوطلب کرلیابعدازاں سماعت کو 28نومبرتک کیلئے ملتوی کردیاگیا۔