|

وقتِ اشاعت :   November 22 – 2018

لاہور: ممتاز شاعرہ و مصنفہ فہمیدہ ریاض مختصر علالت کے بعد انتقال کرگئیں۔

اطلاعات کے مطابق فہمیدہ ریاض گزشتہ چند ماہ سے بیمار تھیں۔

فہمیدہ ریاض 28 جولائی 1945 کو میرٹھ میں پیدا ہوئیں اور طالب علمی کے زمانے میں حیدرآباد میں پہلی نظم لکھی جو’’فنون‘‘میں چھپی۔

فہمیدہ ریاض کا پہلا شعری مجموعہ ’’پتھر کی زبان‘‘ 1967 میں آیا اور ان کا دوسرا مجموعہ ’بدن دریدہ‘ 1973ء میں ان کی شادی کے بعد انگلینڈ کے زمانہ قیام میں شائع ہوا جب کہ تیسرا مجموعہ ’کلام دھوپ‘ تھا۔

فہمیدہ ریاض نیشنل بک فاؤنڈیشن اسلام آباد کی سربراہ بھی رہیں، فہمیدہ ریاض جنرل ضیاء الحق کے دور میں بھارت چلی گئیں اور ضیاء الحق کے انتقال کے بعد پاکستان واپس آئیں۔

فہمیدہ ریاض کی محبوب صنف سخن نظم تھی، وہ اپنے تانیثی اور غیر روایتی خیالات کیلئے معروف تھیں۔

 فہمیدہ ریاض نے جمہوریت اور خواتین کے حقوق کیلئے بھرپور جدوجہد کی۔

وزیر صحت پنجاب یاسمین راشد  نے ممتاز شاعرہ فہمیدہ ریاض کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ فہمیدہ ریاض حقوق نسواں کی ایک توانا آواز تھیں، ان کا انتقال اردو ادب کیلئے بہت بڑا سانحہ ہے۔