|

وقتِ اشاعت :   November 26 – 2018

 لاہور: ہائی کورٹ نے خواجہ برادران کی عبوری ضمانت میں 5 دسمبر تک کی توسیع کردی ہے۔

لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس طارق عباسی کی سربراہی میں 2 رکنی بنچ نے خواجہ سعد رفیق اور ان کے بھائی سلمان رفیق کی درخواستوں پر سماعت کی، عدالتی استفسار پر وکلا نے بتایا کہ دونوں بھائی عدالت میں موجود ہیں، خواجہ برادران کے وکیل عابد ساقی نے نشاندہی کی کہ خواجہ برادران کے خلاف ڈی جی نیب ٹاک شو میں ایسی باتیں کر رہے ہیں جیسے وہ تفتیشی افسر نہیں بلکہ موچی دروازے میں خطاب کر رہے ہیں۔

 

عدالتی استفسار پر نیب کے وکیل نے بتایا کہ تفتیش تبدیل کرنے سے متعلق درخواست چیئرمین نیب کے پاس ہے جس پر وہ تین دن میں فیصلہ کر دیں گے، خواجہ برادران کی درخواست پر نیب نے بتایا کہ جب انہیں گرفتار کیا جائے گا اس وقت گرفتاری کی وجوہات بتا دی جائیں گی۔

عدالت نے استفسار کیا کہ گرفتاری کی وجوہات کہاں ہیں، نیب کے وکیل نے بتایا کہ وجوہات نیب کے پاس اس وقت موجود نہیں ہیں جس پر 2 رکنی بنچ نے برہمی کا اظہار کیا۔ عدالت نے خواجہ برادران کی عبوری ضمانت میں 5 دسمبر تک توسیع کرتے ہوئے چیئرمین نیب کو ہدایت کی کہ خواجہ برادران کی تفتیش سے متعلق درخواست پر جلد از جلد فیصلہ کرے۔