|

وقتِ اشاعت :   November 27 – 2018

کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع لسبیلہ اور گوادرمیں ٹریفک حاثات میں چار افراد جاں بحق اور دو زخمی ہوگئے۔ 

پولیس کے مطابق لسبیلہ کے علاقے گڈانی کے قریب آر سی ڈی شاہراہ پر لک بدوک کے مقام پر مسافر بس اور مخالف سمت سے آنے والی وین میں تصادم ہوا۔ حادثے کے نتیجے میں چار افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے ۔

جاں بحق افراد کی شناخت حب کے علاقے ساکران کے رہائشی صالح محمد ولد تاج محمد، محمد رمضان ولد محمد ابراہیم، واجد علی ولد غلام نبی اور شیردل ولد محمد عمر کے نام سے ہوئی۔ لاشیں جام میر غلام قادر ہسپتال حب میں ضابطے کی کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردی گئیں۔ 

بتایا جاتا ہے کہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب مسافر بس نے سڑک کے کنارے کھڑے خراب ٹرالر کو اوور ٹیک کرتے ہوئے سامنے سے آنے والی سوزوکی وین کو ٹکر ماری۔

دریں اثناء گوادر کے علاقے پسنی سے تقریباً34کلومیٹر دور کلانچ جانے والی تبلیغی جماعت کی پک اپ گاڑی ٹائر نکلنے کی وجہ سے الٹ گئی۔ حادثے میں دو افراد زخمی ہوگئے جنہیں کراچی منتقل کردیا گیا۔