کوئٹہ: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماء سابق وزیراعلیٰ چیف آف جھالاوان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہا ہے کہ ریکوڈک منصوبے سمیت بلوچستان کے تمام وسائل کا دفاع کرنا اچھی طرح جانتے ہیں کسی نے ان وسائل پر صوبے کے عوام کے مرضی کے بغیر سودے بازی کی تو بھرپور مذمت کریں گے ۔
صوبے کے عوام کے حقوق کیلئے اپنے بدترین دشمن کے پاس بھی جانا پڑا توجاؤں گا اپنے دورے حکومت میں کوئی غلط کام نہیں کیا جس پر کوئی پچھتاوا ہو میرے خلاف ملک صوبہ اور سیاست چھوڑنے کے حوالے وہی لوگ منفی پروپیگنڈے کررہے ہیں جنہوں نے میراساتھ چھوڑ دیاتھا لیکن عوام نے عام انتخابات میں انہیں بھی چھوڑ دیا یہ بات انہوں نے کوئٹہ میں صحافیوں کے ایک گروپ سے بات چیت کرتے ہوئے کہی ۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے 100دنوں میں عوام کی بیزاری نے حکمرانوں کے پول کھول دیئے ہیں انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے وسائل کا بھرپوردفاع کریں گے پہلے میں بلوچ ہو اس سرزمین کا وارث ہوں اس کے بعد کسی سیاسی جماعت کا رہنماء ہوں اپنی سرزمین کے وسائل لٹتے نہیں دیکھ سکتا اگر کسی نے بلوچستان کے عوام کے مرضی کے بغیر صوبے کے وسائل پر سودی بازی کی کوشش کی تو نہ صرف اس احتجاج کریں گے بلکہ مزاحمت بھی کریں گے ۔
انہوں نے کہا کہ نواب محمد اسلم خان رئیسانی کی اس تجویز کو سراہاتا ہوں کہ بلوچستان کی تمام قوم پرست اور ہم خیال سیاسی جماعتوں کو صوبے کے مفاد میں ایک پیج پراکٹھا ہونا چاہیے میں ان کی اس تجویز پر اپنا مثبت کردار ادا کرنے کے لئے تیار ہوں ۔
انہوں نے کہا کہ ملک سیاست اور صوبہ چھوڑنے کے حوالے سے میرے خلاف جھوٹا پروپیگنڈہ وہی لوگ کررہے ہیں جنہوں نے میرا ساتھ چھوڑ دیا لیکن عوام نے عام انتخابات میں انہیں بھی چھوڑدیا ۔
انہوں نے کہا کہ یہ وہی لوگ ہے جو کسی بھی پارٹی کے ساتھ وفادار نہیں رہتے یہ لوگ بسیں بدلنے والے مسافر اور عارضی سیاستدان ہیں ان عارضی سیاستدانوں نے بلوچستان کی سیاست کا چہرہ قومی سطح پر مسخ کیا ہے لیکن تاریخ ان کو کبھی معاف نہیں کرے گی انہوں نے کہاکہ بلوچستان کے عوام باشعور ہوچکے ہیں اور وہ حقیقی سیاست اور سیاستدانوں کو اچھی طرح پہچانتے ہیں یہی وجہ ہے کہ بلوچستان کے عوام نے ان موقع پرست مسافر سیاستدانوں کو مسترد کردیا ۔
انہوں نے کہا کہ مستقبل میں صرف ایشوز کی سیاست ہی زندہ رہیگی موقع پرستوں کی جگہ حقیقی سیاستدانوں کو ہی اب عوام اپنا رہنماء بنائیں گے انہوں نے کہاکہ اقتدار آنی جانی شے ہے ۔
آج بھی ضمیر مطمئن ہیں کہ کوئی ایسا غلط کام نہیں کیا میرے دور حکومت میں بیوروکریسی اور انتظامیہ نے صوبے کی ترقی میں میرا بھرپور ساتھ دیا مجھے ان سے کوئی شکایت نہیں ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے 100 دنوں نے عوام کی بیزاری نے حکمرانوں کے پول کھول دیئے ہیں۔
ریکوڈک سمیت بلوچستان کے وسائل کا دفاع کریں گے ، نواب زہری
وقتِ اشاعت : November 30 – 2018