اسلام آباد: وزیر اعظم کے معاون خصوصی افتخار درانی کا کہنا ہے کہ حکومت نے غربت کے خاتمے کے لئے ادارہ بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔
اسلام آباد میں وزیراعظم کے معاون خصوصی افتخار درانی نے شہزاد اکبر کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ حکومت نے غربت کے خاتمے کے لئے ادارہ بنانے کا فیصلہ کیا ہے، یہ ادارہ غربت کے خاتمے کے لئے تمام اداروں کے ساتھ روابط کو بڑھائے گا، اس کا مقصد تحقیق اور ترقی ہوگا، اس کے سربراہ ڈاکٹر اشفاق حسن ہوں گے۔
اس موقع پر معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر سوئس بینکنگ کیسز کے لئے سوئٹزر لینڈ کے ساتھ معاہدہ ہوا ہے، یہ معاہدہ 30 نومبر سے نافذ العمل ہے، اس معاہدے کے تحت ابتدائی معلومات جلد آجائیں گے۔ ایڈیشنل پروٹوکول کے لئے بھی معاہدہ کیا جارہا ہے۔ بینکوں کے معلومات کے لئے جرمنی کے ساتھ بھی معاہدہ ہورہا ہے۔ اس کے علاوہ برطانیہ کے ساتھ بھی معاہدے کے لئے بات چیت ہورہی ہے۔
شہزاد اکبر نے کہا کہ سابق وزیر اعظم نے سرکاری خرچے پر 25 غیر ملکی دورے کئے۔ ان دوروں کی ادائیگی سرکاری خزانے سے اختیارات سے تجاوز کرتے ہوئے ہوئی ہے، سرکاری خزانے سے 25 کروڑ روپے ادا کئے گئے۔ 30 رکنی وفد نے عمرہ کیا جس پر 17 ملین روپے ادا کئے گئے، یہ تمام تفصیلات نیب کو بھیجی جارہی ہیں۔ اس کے علاوہ وی وی آئی پی طیارے کے استعمال کا کیس بھی نیب دیکھ رہا ہے۔ آصف زرداری کے خلاف سوئس کیس بند ہوچکا ہے اور انہیں عدالتوں نے بھی بری کیا ہے۔