کراچی: پاکستان پیٹرولئیم لمیٹڈ (پی پی ایل ) نے اپنے شراکت داروں گورنمنٹ ہولڈنگز (پرائیویٹ ) لمیٹڈ (جی ایچ پی ایل) اور ایشیا ریسورسز آئل لمیٹڈ (اے آر او ایل) کے ساتھ مل کر ضلع سانگھڑ، صوبہء سند ھ میں واقع گمبٹ ساؤتھ بلاک(2568-18 ) کے دریافتی کنوئیں ہدف X-1 (ST)سے گیس اور کنڈنسیٹ کی دریافت کا اعلان کر دیاہے۔
پی پی ایل اس بلاک میں65فیصد کاروباری شراکت کے ساتھ آپریٹرہے جبکہ جی ایچ پی ایل اوراے آر او ایل کی کاروباری ساجھے داری بالترتیب 25 اور 10فیصد ہے۔ لوورگورو فارمیشن کے میسو سینڈ میں ہائیڈ روکاربن کی جانچ کے لئے ہدف X-1 (ST) کی کھدائی کا آغاز29 اگست2018 کو ہوا جسے 3,700 میٹرز کی حتمی گہرائی تک پہنچایا گیا ۔ وائر لائن لوگز کی بنیاد پرٹارگٹ شدہ ذخائر میں ہائیڈروکاربن رکھنے والے ممکنہ زونز کی نشاندہی ہوئی۔
لوور گورو فارمیشن میں کی گئی ڈرل اسٹیم جانچ کے دوران درجِ ذیل نتائج حاصل ہوئے۔ 56/64 انچ چوک سائز اور 1,307 پی ایس آئی فلوئنگ ویل ہیڈ پریشر پر یومیہ18.6 ملین کیوبک فیٹ گیس،160 بیرل کنڈنسیٹ اور65 بیرل پانی حاصل ہوئے ۔
32/64 انچ چوک سائز اور 2,290 پی ایس آئی فلوئنگ ویل ہیڈ پریشر پر یومیہ12.1 ملین کیوبک فیٹ گیس،157 بیرل کنڈنسیٹ اور35 بیرل پانی حاصل ہوئے ۔ اس دریافت سے ہائیڈرو کاربن کے ذخائر میں اضافہ ہوگا اور ملک میں توانائی کے موجودہ بحران میں طلب اور رسد کے مابین فرق میں کمی ممکن ہوگی۔
پی پی ایل کا سند ھ کے علاقے گمبٹ سے گیس کی دریافت کا اعلان
وقتِ اشاعت : December 6 – 2018