اسلام آباد: سپریم کورٹ نے ریلوے کی اراضی پر نجی ہاؤسنگ سوسائٹیوں کی تعمیر کے معاملے پر وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔
چیف جسٹس میاں ثاقب نثارکی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے ریلوے کی اراضی پر نجی ہاؤسنگ سوسائٹیوں کی تعمیر کے معاملے پر سماعت کی۔ سماعت کے دوران وکیل افشاں غضنفرنے کہا کہ 1886 میں بچھائے گئے 75 کلومیٹر ٹریک کو1994 میں ختم کردیا گیا، 45 کلومیٹر ٹریک بیچ دیا گیا، علاقے کے ایک مقام پر ہاؤسنگ سوسائٹی بھی بنائی گئی۔
عدالت نے ریمارکس دیئے کہ اعتراض اٹھایا گیا کہ ریلوے اراضی دوسرے مقاصد کے لئے استعمال کی جارہی ہے، صوبوں کے ایڈووکیٹ جنرلزکے مطابق کچھ جگہوں پرتونجی ہاؤسنگ سوسائیٹیاں قائم کی گئیں، صوبے 3 روزمیں ریلوے اراضی کے غلط استعمال سے متعلق تفصیلات فراہم کریں۔
عدالت نے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کو طلب کرتے ہوئے کہا کہ شیخ رشید تو کہتے تھے اصلاح کرنی ہے، وہ ذاتی حیثیت میں پیش ہو کر وضاحت دیں، یہ ریاست کی زمین ہے۔ عدالت نے کیس کی سماعت 24 دسمبر تک ملتوی کردی۔