|

وقتِ اشاعت :   December 8 – 2018

کوئٹہ: ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کی منظوری کے بعد سیف سٹی پراجیکٹ معاہدہ حتمی مراحل میں ہے سیف سٹی پراجیکٹ مکمل ہونے کے بعد کوئٹہ میں دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ہوجائیگا۔ 

بلوچستان میں قیام امن کیلئے سیکورٹی اداروں نے پیش بہا قربانیاں دی ہیں جن کی بدولت آج ہم سکھ کا سانس لے رہے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ پریس کلب میں صرافہ ایسوسی ایشن کی جانب سے شہدائے پولیس کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

تقریب میں مختلف شعبہ میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں کی حوصلہ افزائی کیلئے انہیں ایوارڈ دیئے گئے اس موقع پرارکان بلوچستان اسمبلی شکیلہ نویدقاضی ،مبین خلجی اور شہید پولیس افسران کے ورثاء بھی موجود تھے ۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی آئی جی کوئٹہ پولیس عبدالرزاق چیمہ کا کہناتھا کہ بلوچستان میں قیام امن کیلئے پولیس نے بے شمار قربانیاں دی ہیں اوران ہی قربانیوں کی بدولت آج کوئٹہ سمیت صوبے میں امن کی فضاء بحال ہوئی ہے صوبائی حکومت کی منظوری کے بعد سیف سٹی پراجیکٹ کا معاہد ہ آخری مراحل میں ہے اورجیکٹ کے مکمل ہونے سے جرائم کا مکمل خاتمہ ہوگا ۔

انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ کسی بھی پولیس اہلکار یا آفسر کی وجہ سے عوام کو مشکل درپیش نہ ہوں اسی لیئے میں نے اپناموبائل نمبرہر تھانے میںآویزاں کیا ہے عوام کسی بھی مشکل کی صورت میں براہ راسط مجھ سے رابطہ کرتے ہیں ۔

معاشرے میں امن وامان کے بغیر سیاسی ،سماجی ،اقتصادی ترقی ممکن نہیں ہے انہوں نے کہاکہ امن وامان قائم کرنے میں پولیس کیساتھ ساتھ معاشرے کے ہرفرد جس میں تاجر ،وکلاء صحافی ،عام شہری شامل ہیں سب کا فرض ہے کہ وہ پولیس کا ساتھ دیں ہم اکیلے امن قائم نہیں کرسکتے یہ پورے معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے ۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بی این پی کے رکن اسمبلی شکیلہ نوید دہوراور تحریک انصاف کے مبین خلجی ، صرافہ ایسوسی ایشن کے سرپرست حاجی سلام صراف،صدر محمدحسین، جنرل سیکرٹری نعیم رمضان و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے میں بلوچستان کے شہداء نے اہم کردار ادا کیاہے ۔

بلوچستان کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں اور اسمبلی میں بیٹھ کر ان مسائل کو بہتر انداز میں حل کررہے ہیں ان کا کہنا تھا کہ صوبائی دارلحکومت میں گیس پریشر میں کمی اور پانی کی قلت کو مستقل بنیادوں پر حل کرنے کی کوشش کررہے ہیں ۔

مقررین نے کہا کہ صحت مندانہ معاشرے کے لئے ایسی تقریبات کا انعقاد انتہائی ضروری ہے اس سیے لوگوں کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے اور نیا ٹیلنٹ سامنے آتا ہے مقررین نے کہا کہ آج کی اس پر وقار تقریب کے انعقاد کا سہرا صرافہ ایسوسی ایشن کے سر جاتا ہے جنہوں نے اس تقریب کا انعقاد کر کہ نہ صرف مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات سرانجام دینے والوں کی حوصلہ افزائی کی بلکہ ہمیں بھی باور کرایا کہ حکومتی سطح پر بھی ایسی تقریبا منعقد کی جائیں ۔

اس موقع پر ممتاز بزنس مین ولی محمد،کوئٹہ چیمبر آف سمال ٹریڈر کے صدر جمعہ خان،ڈی ایس پی شبانہ حبیب،ایس ایچ او شوکت جدون،صحافی محمد ارسلان فیاض،خاتون سماجی رہنماشمائلہ اسماعیل،ہاشم رندسمیت دیگر کو اپنے اپنے شعبہ میں نمایاں کارکردگی کامظاہرہ کرنے پر ایوارڈز دیئے گئے۔