|

وقتِ اشاعت :   December 10 – 2018

کوئٹہ: کوئٹہ میں ایف آئی اے نے حوالہ ہنڈی اور غیرملکی کرنسی ڈیلروں کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران افغان باشندے سمیت دو ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ ایک کروڑ پندرہ لاکھ روپے سے زائد کی نقد رقوم اور بینک چیکس برآمد کرلئے۔ 

ایف آئی اے حکام کے مطابق کمرشل بینک سرکل کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر شفیق الرحمان شاہوانی کی سربراہی میں ایف آئی اے کی ٹیم نے چوہڑ مل روڈ اور جمال الدین افغانی روڈ کے اہم کاروباری مراکز میں تین مختلف مقامات پر چھاپے مارے اور وہاں سے دو ملزمان بیس سالہ میروائس ولد یحییٰ خان اور اسد اللہ ولد عطاء اللہ کو گرفتار کرلیا جو غیر قانونی طور پر غیرملکی کرنسی اور حوالہ و ہنڈی کا کاروبار کرتے تھے۔ میروائس افغان باشندہ بتایا جاتا ہے جس سے افغان سٹیزن پی او آر کارڈ بھی برآمد ہوا ہے۔ 

ایف آئی اے حکام کے مطابق ملزمان غیر قانونی طور پر ڈالر، پاؤنڈ اور دیگر رقوم پاکستان سے ایران اور افغانستان بھیج کر منی لانڈرنگ میں بھی ملوث تھے۔ ملزمان کے قبضے سے ایک کروڑ روپے سے زائد کے چیکس، پندرہ لاکھ روپے کی نقد ملکی و غیر ملکی کرنسی، بینک کھاتوں بالخصوص بے نامی بینک کھاتوں کی دستاویزات برآمد کی گئی ہیں۔ 

ملزمان بے نامی کھاتوں کے ذریعے رقوم کی اندرون و بیرون ملک ترسیل بھی کرتے تھے۔اس سلسلے میں وہ وٹس اپ اور سوشل میڈیا کے دیگر پلیٹ فارمز کورابطے کیلئے استعمال کرتے تھے۔ ایف آئی اے نے رقوم حوالہ ہنڈی کرنیوالے تین افراد کو بھی گرفتار کیا اور ان کے بطور گواہ بیانات بھی قلمبند کئے۔ 

ایف آئی اے ملزمان کے خلاف ڈپٹی ڈائریکٹر اسٹیٹ بینک شفاعت علی کی مدعت میں فارن ایکسچینج سمیت مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے۔ مقدمے میں سید احمد شاہ نامی ملزم کو بھی نامزد کیا گیا ہے جو مفرور ہے۔ ایف آئی اے کے مطابق مفرور ملزم کی گرفتاری کیلئیبھی چھاپے مارے جارہے ہیں۔