کوئٹہ: ایف آئی اے بینکنگ سرکل کوئٹہ نے کروڑوں روپے کے فراڈ کے الزام میں سرکاری بینک کے سابق ریجنل منیجر کو گرفتار کرلیا۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق نیشنل بینک لورالائی کے سابق ریجنل منیجر بابر بٹ کے خلاف برانچ منیجر لورالائی مومن خان نے چند روز شکایت درج کرائی تھی جس پر ایف آئی اے کوئٹہ بینک سرکل نے کوئٹہ کے ایک ہوٹل پر چھاپہ مار کر ملزم کو گرفتار کرلیا۔ ملزم پنجاب فرار ہونے کی کوشش کررہا تھا۔
نیشنل بینک حکام کے مطابق بینک کے اندرونی آڈٹ کے دوران معلوم ہوا تھا کہ ملزم بابر بٹ نے 2015 سے 2018ء تک بینک کے اے ٹی ایم کی مد میں جاری ہونیوالی پانچ کروڑ اسی لاکھ روپے کی رقم دھوکہ دہی سے نکالی۔ نشاندہی ہونے کے بعد ملزم نے بائیس لاکھ روپے رقم واپس کی مگر باقی رقم بھی جلد لوٹنے کی یقین دہانی کرائی۔
بارہا وعدوں کے باوجود ملزم نے نکالی گئی رقم واپس نہیں کی جس کے بعد نیشنل بینک کے حکام نے بابر بٹ کے خلاف مقدمہ درج کرانے اور معاملہ ایف آئی اے کے سپرد کرنے کا فیصلہ کیا۔ ایف آئی اے نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی ہیں۔
ایف آئی اے کی کارروائی فراڈ کے الزام میں بنک منیجر گرفتار
وقتِ اشاعت : December 10 – 2018