وزیر ریلوے شیخ رشید نے معذور بچوں کے لئے مفت ٹکٹ دینے کا اعلان کیا ہے۔
راولپنڈی آرٹس کونسل میں معذور بچوں سے متعلق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیرریلوے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ جس گھر میں ایک بھی بچہ معذور ہو اس کی ماں کی کیفیت کا اندازہ لگا سکتا ہوں، 70 سال گزر جانے كے باوجود معذور بچوں كے ليے كچھ نہيں كياجاسكا، ہم ایسا سسٹم لارہے ہیں جس میں لوگ بہترمحسوس کریں اور معذور بچے احساس کمتری کا شکار نہ ہوں۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ہم معذور بچوں کو ریلوے میں مفت ٹکٹ دیں گے، اور میں ایک روپے ماہانہ کرائے پرمعذور بچوں کو اسکول مہیاں کرنے کے لئے تیار ہوں، ایک معذور بچہ ریلوے کےلئے کام کررہا ہے وہ ریلوے کی طرف سے فوکل پرسن ہوگا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ڈی ایس راولپنڈی ریلوے سے کہوں گا کہ وہ کوئی اچھی جگہ دیکھ کر معذور بچوں کے لئے کالج قائم کریں، پہلے بھی 60 کالج بنائے گئے تھے لیکن لوگ ان پر قبضہ کرلیتے ہیں، ہماری کوشش ہے کہ اب کالج کے لئے جگہ قبضہ کی جائے، یہ نیکی کا کام ہے۔ کالج صرف راولپنڈی کے لئے نہیں بلکہ پورے ڈویژن کے لئے ہوگا، کالج میں ہاسٹل بھی ہوگا جس میں معذور بچوں کو بہترین سہولیات فراہم کی جائیں گی۔