|

وقتِ اشاعت :   December 14 – 2018

حیدرآباد میں مدرسے کے بچوں پر تشدد کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد پیش امام کو گرفتار کرلیا گیا۔

 حیدرآباد میں معصوم شاہ کالونی کے ایک مدرسے میں بچوں پر تشدد کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جس میں مدرسے کے قاری کی جانب سے بچوں پر ربڑ کے پائپ سے تشدد کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے کے بعد ایس ایس پی حیدرآباد نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ملزم کی فوری گرفتاری کا حکم دیا جس پر کینٹ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مسجد کے پیش امام کو گرفتار کرلیا جب کہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بھی واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی۔

بچوں پر تشدد کرنے والے قاری کی شناخت شبیر احمد کے نام سے ہوئی جسے حراست میں لینے کے بعد تھانہ کینٹ منتقل کردیا گیا ہے۔ ایکسپریس نیوز سے بات کرتے ہوئے ملزم شبیر احمد کا کہنا تھا کہ انہوں نے بچوں پر کوئی تشدد نہیں کیا بلکہ صرف ڈرانے کے لیے ایسا کیا، اور میرے خلاف کسی قسم کی کارروائی سے پہلے بچوں کے والدین کو بلایا جائے۔