|

وقتِ اشاعت :   December 15 – 2018

لاہور: ایف آئی اے نے لاہور کے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے 15 سے زائد اسکولوں اور اکیڈمیوں کا ریکارڈ قبضے میں لے لیا۔

ایف آئی اے نے لاہور کے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے پندرہ سے زائد اسکولوں اور اکیڈمیوں کا ریکارڈ قبضے میں لے لیا جب کہ مختلف بینکوں کی 40 برانچوں سے ان اسکولز کی مالیاتی تفصیلات بھی حاصل کر لی گئی ہیں۔

ایف آئی اے کے مطابق سپریم کورٹ کے حکم پر ایڈمیشن ٹیوشن سمیت ماہانہ فیسوں کے حوالے سے فرانزک آڈٹ کرنے کے لیے ریکارڈ قبضے میں لیا گیا ہے جس کی جانچ پڑتال کا کام بھی شروع ہوگیا ہے۔ جن اسکولوں کا ریکارڈ قبضے میں لیا گیا ان میں بیکن ہاؤس، ایل جی ایس سیٹی لاکاس ایڈن ریسورسز اکیڈمی، ایڈن اسکول سسٹم، سلامت ایجوکیشن سمیت دیگر اسکولز شامل ہیں۔

ایف آئی اے نے ان اسکولوں میں پڑھنے والے طالب علموں کی تعداد فیسوں کا شیڈول اور ماہانہ فیس ٹیوشن فیس سمیت استادوں اور دیگر ملازمین کو دی جانے والی تنخواہوں کا ریکاڈ بھی قبضے میں لیا ہے۔ جب کہ اسٹیٹ بینک کی اجازت ملنے کے بعد ایف آئی اے نے گلبرگ ماڈل ٹاؤن ڈیفنس کیولری شاہ جمال سمن آباد جیل روڈ سمیت دیگر علاقوں کے بینکوں کی 40  برانچوں سے تمام اکاؤنٹس کی تفصیلات بھی حاصل کرلی ہیں۔

ایف آئی اے یہ کارروائی سپریم کورٹ کے حکم کے بعد کررہا ہے، ایف آئی اے ذرائع نے بتایا کہ ضرورت پڑنے پر ان اسکولز اور اکیڈمی مالکان کو مزید معلومات لینے کے لیے بھی طلب کیا جائے گا۔