|

وقتِ اشاعت :   December 17 – 2018

کراچی میں غیر قانونی تجاوزات کے خلاف کارروائی جاری ہے جس میں خاص کر تجارتی مراکز میں جو تجاوزات غیر قانونی طور پر بنائے گئے تھے ان کا مکمل صفایا کردیا گیا ہے اور ساتھ ہی قبضہ مافیا جنہوں نے غیر قانونی طور پر زمینوں پر قبضہ جمائے رکھاتھا ان کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے مگر دوسری جانب کوئٹہ جہاں تجاوزات کی بھرمار ہے، اہم تجارتی مراکز غیر قانونی تجاوزات سے بھرے پڑے ہیں۔

،فٹ پاتھوں پر ریڑی بان، پتھارے دار، ہوٹلوں مالکان ، دکاندار حضرات اور شو رومز مالکان نے قبضہ کررکھا ہے ۔حد تو یہ ہے کہ فٹ پاتھوں کو باقاعدہ منافع کیلئے استعمال کرتے ہوئے پارکنگ بنائے گئے ہیں، عرصہ دراز سے شو رومز مافیا جو شہر میں بڑے بڑے شورومز کھول کر بیٹھے ہیں جن کی گاڑیاں فٹ پاتھوں اور سڑکوں کے بیچ کھڑی ہیں جن کے خلاف کچھ عرصہ قبل کارروائی عمل میں لائی گئی تھی اوریہاں سے شورومز منتقل کئے جارہے تھے ۔

مگر بااثرمافیا نے ایک بار پھر یہاں ڈھیرے ڈال دیئے ہیں جس کے سامنے انتظامیہ بھی بے بس دکھائی دیتی ہے۔کوئٹہ جو کسی دور میں لٹل پیرس کہلاتا تھا آج بڑھتی ہوئی آبادی اور مؤثر قانون سازی نہ ہونے کی وجہ سے اس کی خوبصورتی ماند پڑ گئی ہے۔ 

شہر میں ٹریفک کا دباؤ اتنا شدید ہے کہ منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے کرنا پڑتا ہے۔ کوئٹہ شہر میں غیر قانونی تجاوزات کے خلاف کارروائی اب ناگزیر ہوچکی ہے حکومت کو چاہئے کہ اس کے خلاف سخت کارروائی کیلئے انتظامیہ کو فری ہینڈ دے تاکہ شہر میں تجاوزات کا خاتمہ کیا جاسکے۔ 

کراچی جو آبادی اور کاروبار کے لحاظ سے ملک کا سب سے بڑا شہر ہے وہاں کسی دباؤ کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے کارروائیاں کی جارہی ہیں تو کوئٹہ شہر میں کیوں اس کے خلاف ایکشن نہیں لیاجاتا۔ سب سے زیادہ مشکلات تو کوئٹہ کے شہریوں کو کرنا پڑرہا ہے، شہریوں کو اہم تجارتی مراکز میں خریداری کے دوران شدید ذہنی کوفت سے گزرنا پڑتا ہے خاص کر خواتین کیلئے مشکلات زیادہ ہیں۔ 

کوئٹہ میں پہلے مہاجرین نے آکر شہر کا حلیہ بگاڑ دیاکیونکہ انہوں نے اپناکاروبار سڑکوں پر شروع کیا جس کے دیکھا دیکھی مقامی لوگ بھی قانون کی دھجیاں بکھیرتے ہوئے اس عمل میں شریک ہوگئے۔ اب ایسا محسوس ہوتا ہے کہ یہاں جنگل کا قانون ہے کسی پر کوئی قانون لاگو نہیں ہوتا جو چاہے اپنی مرضی کرے۔

حکومت کو سب سے پہلے اہم تجارتی مراکز میں تجاوزات کے خلاف کارروائی کا آغاز کرنا چاہئے اور ساتھ ہی شہر میں موجود غیر قانونی شورومز کو ختم کرنے کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ شہریوں کو آمدورفت میں آسانی میسر آسکے ۔ 

اس طرح شہر میں نہ صرف صفائی کا مسئلہ حل ہوجائے گا بلکہ شہریوں کو جس طرح ٹریفک کا مسئلہ درپیش ہے وہ بھی ختم ہوجائے گا، شہر کی خوبصورتی کیلئے ضروری ہے کہ کوئٹہ پیکج پر بھی عملدرآمد کیاجائے تاکہ اس کی اصل شکل بحال ہوسکے ۔