اسلام آباد: قومی احتساب بیورو (نیب) کے مطابق مالم جبہ اراضی کیس میں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کو کوئی کلین چٹ نہیں دی۔
گزشتہ روز وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان مالم جبہ اراضی کیس میں نیب کے سامنے پیش ہوئے تھے جہاں انہیں نیب پشاور نے مالم جبہ میں 275 ایکڑ سرکاری زمین کو لیز پر دیے جانے کے کیس میں طلب کیا تھا۔
پیشی کے بعد وزیراعلیٰ سے صحافی نے سوال کیا کہ آپ کو کوئی سوالنامہ دیا گیا یا یہ آپ کی یہ پہلی اور آخری پیشی ہوگی؟ جس پر انہوں نے کہا تھا جی بالکل یہ آخری پیشی ہے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے بیان کے بعد نیب کی جانب سے وضاحتی بیان جاری کیا گیا جس میں کہا گیا ہےکہ مالم جبہ اراضی کیس میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کو کوئی کلین چٹ نہیں دی ہے۔
ترجمان نیب کے مطابق وزیراعلیٰ کے پی کا کمبائنڈ انویسٹی گیشن ٹیم کو بیان غیرتسلی بخش ہے جس کے بعد انہیں دوبارہ کسی بھی وقت بلایا جاسکتا ہے۔
واضح رہے کہ تحریک انصاف کی گزشتہ صوبائی حکومت نے مالم جبہ میں 275 ایکڑ سرکاری زمین 33 سال کی لیز پر ایک کمپنی کو دی تھی جس میں بے قاعدگیوں اور اقربا پروری کی شکایات سامنے آنے پر نیب خیبر پختونخوا نے تحقیقات شروع کر رکھی ہے۔
نیب نے مالم جبہ اراضی لیز کیس میں سینئر صوبائی وزیر عاطف خان اور سینیٹر محسن عزیز کو بھی 14 دسمبر کو طلب کیا تھا۔