|

وقتِ اشاعت :   December 21 – 2018

کوئٹہ : ڈی ایچ اے کوئٹہ کے ایڈمنسٹریٹر بریگیڈئیر محمد جاوید اقبال نے کہا ہے کہ کوئٹہ ڈی ایچ اے کی تعمیر دور حاضر کے تقاضوں کے عین مطابق کی جائے گی جس میں عوام کو رہائشی، صحت، تعلیم سمیت تمام تر سہولیات کی فراہمی ممکن بنائی جائے گی بلکہ یہ ملک کے دیگر صوبوں کی عوام کے لئے بھی ایک مثالی نمونہ ہو گا۔

کوشش کر رہے ہیں کہ یہاں زندگی کے ہر شعبے سے تعلق رکھنے والوں کو رہائشی، تعلیمی، کاروباری و دیگر مواقع میسر آئیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ایوان صنعت و تجارت بلوچستان کوئٹہ کے عہدیداران ،ممبران اور بزنس کمیونٹی کے افراد کو ڈی ایچ اے سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔

اس سے قبل چیمبر آف کامرس کے پیٹرن ان چیف غلام فاروق خلجی، صدر جمعہ خان بادیزئی، سنیئر نائب صدر صلاح الدین خلجی، نائب صدر یٰسین رئیسانی و دیگر نے ان کا چیمبر آف کامرس آنے پر استقبال کیا۔

چیمبر آف کامرس کے پیٹرن ان چیف غلام فاروق خلجی کا کہنا تھا کہ چیمبر آف کامرس کی سنگ بنیاد 1971 ء میں رکھی گئی اب اس کے ممبران کی تعداد 4 ہزار سے زائد ہے جو ملک کے اندر اور ہمسائیہ ممالک کے ساتھ لیگل کاروبار کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں بلکہ گزشتہ سال چیمبر آف کامرس کے ممبران اور بزنس کمیونٹی نے کسٹم کلکٹریٹ کو لیگل ٹریڈ کے لئے 20 ارب روپے سے زائد کے ٹیکسز ادا کئے ۔

انہوں نے کہا کہ عرصہ دراز سے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں ایک ایسے ہاؤسنگ اسکیم کی ضرورت محسوس کی جا رہی تھی جس میں عوام کو رہائش سمیت دیگر سہولیات میسر ہوں، ڈی ایچ اے کے اعلان کے ساتھ ہی صنعت و تجارت سے وابستہ افراد و دیگر کی اس میں دلچسپی بڑھی ہے۔

اس مو قع پر ڈی ایچ اے کے ایڈمنسٹریٹر بریگیڈئیر محمد جاوید اقبال نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ہم آپ کی خواہش ہمارا مطمہ نظر کے موٹو کے تحت کام کر رہے ہیں ہم کوئٹہ میں ایک ایسی ڈی ایچ اے ہاؤسنگ بنانا چاہتے ہیں جس میں عوام کو رہائش، تعلیم، صحت سمیت تمام تر سہولیات میسر ہوں، ہمارا مقصد اربن کمیونٹی ڈویلپمنٹ کے ساتھ عوام کو ایجوکیشن، ہیلتھ، سپورٹسسہولیات دینا ہے بلکہ واٹر ریسورس منیجمنٹ سسٹم و دیگر بھی بنائے جائیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ ڈی ایچ اے کوئٹہ میں تفریح کے لئیگیمنگ زون ہو گا، انہوں نے کہا کہ اس طرح کے پروجیکٹس کی کامیابی کے لئے سب کو اجتماعی کوششیں کرنا پڑتی ہیں کیونکہ یہ فرد واحد کے بس کی بات نہیں۔

انہوں نے کہا کہ نہ صرف سیلری کلاس کے لئے اس میں شراکت داری کی کوششیں کی جا رہی ہیں بلکہ اس سے ان لوگوں کی بھی فلاح ہو گی جو پیشے کے دوران مختلف مسائل سے دوچار رہتے ہیں اس میں سوشل اور کلچرل روایات کا بھی خاص خیال رکھا جائے گا ۔

انہوں نے کہا کہ اس طرح کے پروجیکٹس کا اقتصادیات کے ساتھ گہرا تعلق ہے یہ منصوبہ ایک بنیاد ہے اس طرز کے منصوبوں کا مستقبل میں بلوچستان کے دیگر شعبوں میں بھی کامیابی کے لئے کوششیں کی جائیں گی۔انہوں نے کہا کوئٹہ ملک کا واحد بڑا شہر ہے جو سی پیک منصوبے کے بڑے روٹ پر واقعہ ہے اور یہ ایک ایونیو کی مانند ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈی ایچ اے کوئٹہ میں تعلیم، صحت، پینے کے صاف پانی اور زندگی کے دیگر ضروریات کے لئے پانی کی ری سائیکلنگ کے منصوبوں سمیت ماحول کا بھی خاص خیال رکھا جائے گا تاکہ کلائمٹ چینج و دیگر چیلنجز سے نمٹا جا سکیں۔

انہوں نے کہا کہ فیز ون کی کامیابی کے بعد دوسے فیز پر غور کیا جائے گا فیز ون میں 5 سے دس مرلے کے مکانات سمیت چھوٹے پلاٹس بھی ہوں گے اس وقت تک کسی کو بھی اس منصوبے پر اعتراض نہیں جو کہ خوش آئند ہے بلکہ لوگوں کی ہر گزرتے دن کے ساتھ بڑھتی دلچسپی ہمارے لئے قابل اطمینان ہے۔

اس موقع پر چیمبر آف کامرس کے صدر جمعہ خان بادیزئی، سنئیر نائب صدر صلاح الدین خلجی و دیگر کا کہنا تھا کہ یہ ایک گیم چینجر منصوبہ ہے جس سے اہلیان کوئٹہ کے لئے زندگی کے مختلف شعبوں میں وسیع تر مواقع موجود ہیں۔آخر میں چیمبر آف کامرس کی جانب سے بریگیڈئیر محمد جاوید اقبال کو یادگاری شیلڈ پیش کیا گیا۔