|

وقتِ اشاعت :   December 21 – 2018

 کراچی: پیپلزپارٹی کے رہنما خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ ہم کسی بھی حالات کیلئے ذہنی طور پر تیار ہیں لیکن ہمارا میڈیا ٹرائل کیا جارہا ہے۔

پیپلزپارٹی کے رہنما خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ ہم نے عدلیہ کا اچھا اوربرا دوراورعدلیہ کے اچھے اور برے فیصلے بھی دیکھے ہیں، جسٹس منیرسے لے کر جسٹس ثاقب نثارتک سارے ججزکودیکھا ہے، جسٹس افتخارچوہدری کو بھی دیکھا جس نے وردی میں ڈکٹیٹرکو آئین میں ترمیم کی اجازت دی۔

خورشید شاہ نے کہا کہ ہم کسی بھی حالات کیلئے ذہنی طورپرتیارہیں لیکن ہمارا مسلسل میڈیا ٹرائل کیا جارہا ہے، جے آئی ٹی رپورٹ کسی نے نہیں دیکھی، رپورٹ میں اندرکیا ہے ہمیں نہیں پتا، وقتا فوقتاً جے آئی ٹی رپورٹ لیک کی جاتی رہی ہے، موجودہ صورت حال ہمارے لیے نئے نہیں لیکن ہم اپنی ریاست اور جمہوریت کیلئے خیر مانگتے ہیں۔

خورشید شاہ نے کہا کہ پیمرا خاموش تماشائی بنا بیٹھا ہے، عدالتی پابندی کے باوجود زیر التوا کیسز پر تبصرہ ہوتا ہے، میڈیا ٹرائل لوگوں کا ذہن بنا دیتا ہے میڈیا ٹرائل ہماری بڑی بدقسمتی ہے، جوڈیشل ٹرائل سے پہلے میڈیا ٹرائل شروع کردیا جاتا ہے، ماضی میں بھی ثابت ہوا کہ ایسی چیزیں گھڑی جاتی ہیں، اگران کے پاس کوئی ثبوت ہے تو لے آئیں ماضی میں بھی ایسے الزامات لگے ہیں۔