|

وقتِ اشاعت :   December 26 – 2018

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان صوبائی وزراء کے قلمدانوں میں ایک ہفتے کے دوران دوسری مرتبہ تبدیلی کرتے ہوئے سلیم احمد کھوسہ سے داخلہ و قبائلی امور کی وزارت واپس لے لی ہے۔ ضیاء اللہ لانگوصوبے کے نئے وزیر برائے داخلہ ، قبائلی امور اور پی ڈی ایم اے ہوں گے۔ سلیم احمد کھوسہ کو وزیر مال مقرر کردیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ نے وزارتوں میں تبدیلی صوبائی وزراء کی درخواست پر کیا ہے۔سرکاری اعلامیہ کے مطابق ضیاء اللہ لانگو سے جنگلات و جنگلی حیات کے محکموں کی وزارت لے کر انہیں داخلہ و قبائلی امور اور پروانشل ڈیزاسسٹرمینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے)کی وزارت سونپ دی گئی ہے۔

اسی طرح سلیم احمد کھوسہ سے داخلہ و قبائلی امور اور پی ڈی ایم اے کی وزارت لیکر محکمہ مال (بورڈ آف ریونیو )کا قلمدان دے دیا گیا ہے۔ قلات سے تعلق رکھنے والے ضیاء4 اللہ لانگو کا تعلق بلوچستان عوامی پارٹی سے ہے اور وہ خالد لانگو کے چھوٹے بھائی ہیں۔ سلیم احمد کھوسہ کا تعلق بھی بلوچستان عوامی پارٹی سے ہے۔وہ صحبت پور سے صوبائی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے ہیں۔

یاد رہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے چند روز قبل بھی صوبائی کابینہ میں شامل دیگر ارکان کے قلمدانوں میں بھی تبدیلیاں کی تھیں۔ بلوچستان عوامی پارٹی کے سپریم کورٹ سے نا اہل ہونیوالے عبدالرؤف رند سے وزیراعلیٰ کے مشیر برائے فشریز کا عہدہ لیکر بی اے پی ہی کے محمد اکبر آسکانی کو دیا گیا۔

بی این پی عوامی سے تعلق رکھنے والے میر اسد اللہ بلوچ سے خوراک کی وزارت واپس لے لی گئی تھی۔ان کے پاس اب بھی سماجی بہبود و غیررسمی تعلیم کی وزارت ہے۔