کوئٹہ : نیشنل پارٹی کے صوبائی سیکرٹری انفارمیشن و ترجمان علی احمد لانگو اور پشتون ریجن کے ریجنل سیکرٹری ملک منور پانیزئی نے کہا ہے کہ بلوچ ،پشتون سمیت تمام اقوام کو یکجا اور منظم کرنے سے ہی ساحل و سائل پر دسترس ،حق ملکیت اور عوام کے سماجی معاشی اور معاشرتی حقوق کے حصول کو ممکن بنایا جاسکتا ہے ۔
نیشنل پارٹی (نیپ )قیادت کی نظریہ سیاست اور سیاسی بصیرت کی تسلسل ہے جو عوام کو طاقت کا محور اور جمہوریت کو ملک کے استحکام اور خوشحالی کا ضامن سمجھتی ہے پشتون ریجن میں تنظیم کاری کیلئے اضلاع کے دورے کیے جائیں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پشتون ریجن کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس کی صدارت پشتون ریجن کے سیکرٹری ملک منور پانیزئی نے کی جبکہ مہمان خاص صوبائی انفارمیشن سیکرٹری علی احمد لانگو تھے۔
اجلاس میں پارٹی کے مرکزی رہنما صدیق پانیزئی سمیت زیارت ،پشین ،لورلائی ،قلعہ عبداللہ ،قلعہ سیف اللہ،موسی خیل ،ژوب کے نمائندوں نے شرکت کی۔اجلاس میں متعدد فیصلے ہوئے پشتون ریجن کو منظم کرنے کیلئے تنظیم کاری کے عمل کو جاری رکھا جائے گا اور تنظیم کاری کو مکمل کرکے اضلاع کی ضلعی کابینہ کے انتخابات کرائے جائینگے۔
،اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ بلوچ پشتون معاشرہ انتہا پسندی فرقہ واریت جہالت اور بدامنی کا شکار ہے جس سے معاشرے میں نفرت اور تعصب پھیلنے کا خطرہ ہے ان منفی رحجانات کو روکنے کیلئے عوام کو سیاسی شعور سے آراستہ کرنا ضروری ہے ۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں منظم سیاسی و قومی جماعت نہ ہونے کی وجہ سے حکمرانوں نے صوبے کے حقوق غضب کرنے کے لئے تقسیم کی پالیسی کو اختیار کیا۔اور عوام کے بنیادی حقوق کے ساتھ قومی وسائل کو بھی لوٹتے رہے۔
اس لئے بلوچستان کے عوام کو ان حقوق دلانے کے لئے ان کو سیاسی عمل میں شامل کرنا ہوگا اور اس کے لئے تنظیم کاری اور عوامی رابطہ مہم ضروری ہے۔پارٹی عہدیدار اور کارکن پارٹی پیغام کو عوام پہنچانے میں کردار ادا کریں۔
بلوچ پشتون اقوام متحد ہو کر حقوق حاصل کر سکتے ہیں، نیشنل پارٹی
وقتِ اشاعت : December 27 – 2018